سیاستدانوں ، صنعتکاروں ،تاجروں اور معاشرے کے ہر فرد کو ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے،شہبازشریف، تاجربرادری کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ، لاکھوں افراد کو روز گار فراہم کر رہے ہیں،انکے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لئے توانائی ناگزیر ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے شب روز کوشاں ہے،قومی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اضافی وسائل پیدا کرنا ناگزیر ہے،ٹیکس کلچر کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے،وزیراعلیٰ کی فیصل آبادکے تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاستدانوں ، صنعتکاروں ،تاجروں ، بیورکریٹس،ججز ،جرنیلز اورمعاشرے کے ہرفردکوملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپورکرداراداکرنا ہے-محنت،امانت اور دیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر ملک اور قوم کو نہ صرف بھکاری پن سے چھٹکارا دلایا جا سکتا ہے بلکہ بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام بھی حاصل کیا جا سکتا ہے- تاجر برادری کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے- تاجر اورصنعتکار ملک کے سفیر ہیں جولاکھوں افراد کو روزگار فراہم کر رہے ہیں- تاجروں اور صنعتکاروں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد اور تاجر تنظیموں کے نمائندہ وفدسے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا- صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،ایم این اے پرویز ملک، سیکرٹری صنعت، ایم ڈی ایس این جی پی ایل،وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے فیصل آبادکی صنعتوں کو گیس کی فراہمی اور پاکستان کوجی ایس پی پلس کا درجہ دلا نے میں فعال کردارادا کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا شکریہ اداکیا اور فیصل آباد کے متعدد ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قوم کو توانا بنانے، ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اضافی وسائل پیدا کرنا نا گزیر ہے-ٹیکس کلچر کو فروغ دئیے بغیر ترقی کی منزل کا حصول ممکن نہیں ہے- ملک کی تعمیر و ترقی میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہے -انہوں نے کہاکہ زراعت ، صنعت ، تجارت کے شعبوں کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو روز گار کے مواقع مل رہے ہیں- صنعت و تجارت کو فروغ دے کر ملک تیزی سے ترقی کے اہداف حاصل کر سکتا ہے-صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لئے توانائی ضروری ہے- پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے-سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسیوں کے باعث نہ صرف ملک بدنام ہوا بلکہ توانائی کے مسئلے پر توجہ نہ دینے کی بنا پر صنعتی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا- انہوں نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ بھی سابق حکمرانوں کی طمع اور حرص کے باعث التواء کا شکار ہوا اور اب اس منصوبے پر غریب قوم کے 30ار ب روپے ا ضافی خرچ کرنا پڑ رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نندی پور کے منصوبے پر دن رات کام کررہی ہے اور انشاء ا لله رواں سال اپریل میں اسکا پہلا ٹربائن بجلی کی فراہمی شروع کر دے گا- انہوں نے کہاکہ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں- پنجاب حکومت کوئلے، سولر،ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے- انہوں نے کہاکہ چین ہمارا دوست ملک ہے جس نے جنگوں، قدرتی آفات اور ملک کے مختلف شعبوں کی ترقی میں ہمارا بھر پور ساتھ دیا- لیکن چین کی کمپنیوں نے بھارت میں کوئلے سے 20ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگا ئے ہیں - مقام افسوس ہے کہ ہم آج تک کوئلے سے ایک کلو واٹ بجلی بھی حاصل نہیں کر سکے اور چین کی ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ نہ کیا-اگر سابق حکمرانوں نے توانائی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے پر سنجیدگی سے توجہ دی ہوتی تو آج ملک و قوم اندھیروں میں نہ ڈوبے ہوتے - انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے بحران کی سنگینی سے آگاہ ہے اوراس مسئلے کے حل کے لئے شب و روز کوشاں ہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیصل آباد، شیخوپورہ اور ساہیوال میں کوئلے سے پاور پلانٹ لگانے کے لئے جگہ کی نشاندہی کی ہے اور ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا خوش آئند ہے او راس سے پاکستان کی برآمدات بڑھیں گی-جی ایس پی پلس کی سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے تاجروں اور صنعتکاروں کو محنت کرناہوگی، محنت میں عظمت ہے اورمحنت سے ہی قومیں بنتی ہیں،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس اقتصادی و معاشی پالیسیو ں کی بدولت ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے اورانشاء الله ملک و قوم کو توانائی سمیت تمام مسائل سے نجات دلانے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے-انہو ں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اپنے گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں صوبے بھر میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جن سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ صوبے کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد کے انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جس کی بدولت شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے- انہوں نے کہاکہ فیصل آباد معاشی و تجارتی سرگرمیو ں کا ہب ہے اوراس کے ترقیاتی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے - وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صنعت، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے صوبائی وزراء او رمتعلقہ سیکرٹریز سوموار کے روز فیصل آباد جائیں وہاں کی انتظامیہ اور تاجر وں و صنعتکاروں کے نمائندوں سے مشترکہ اجلاس کریں ،شہر کے ترقیاتی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں-وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صنعت کو ہدایت کی کہ وہ تاجروں اور صنعتکاروں کے وفاقی حکومت سے متعلقہ مسائل کے بارے میں وفاقی حکوت سے بات کریں-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دریاؤں ،نہروں کو آلودگی سے محفوظ کرنے اور عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے صنعتوں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے بھی جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے،ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر انجینئر سہیل بن راشد شیخ اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے فیصل آ باد کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے اور تاجرو ں اور صنعتکاروں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کرنے میں جو لائق تحسین کردار ادا کیا اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، تاجر اور صنعتکار ان کے اس فعال کردار پر مشکور ہیں-انہو ں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بزنس فرینڈلی حکومت نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دے کر تاجر برادری کے دل جیت لئے ہیں-ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس کی فراہمی سے اس شعبے کی کارکردگی بہتر ہوگی اور ملک کی برآمد ات بڑھیں گی جس سے قومی معیشت میں بہتری آئے گی- صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق اور ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک نے بھی اظہار خیال کیا۔