پنجاب یوتھ فیسٹیول : دوسرا مرحلہ کل شروع ہو گا ، تیاریاں مکمل ،صوبہ بھر کی 3464یونین کونسلوں کے لاکھوں کھلاڑی حصہ لیں گے، دوسرا مرحلہ 10 روز کا ہو گا ،قرات ، نعت خوانی ، ملی نغموں، بیڈمنٹن، بلیئرڈ،مصوری ، باڈی بلڈنگ ، کوکنگ اور دیگر مقابلے شامل

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)پنجاب یوتھ فیسٹول 2013-14 کے پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد کے بعددوسرے مرحلے کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ،5 جنوری سے شروع ہونے والے اس مرحلے میں پنجاب بھر کی 3464 یونین کونسلوں کے لاکھوں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے ۔ یونین کونسل کی سطع پر منعقد ہونیوالے 10روزہ فیسٹول میں مجموعی طور پر 17 ایونٹس میں مقابلے ہونگے۔

تعلیمی سیکٹرمیں ایلیمنٹری سکولز(لڑکے اور لڑکیاں) مقابلہ جات میں چھ ایونٹس رکھے گئے ہیں جن میں نعت خوانی،قرآت، تقریری مقابلے، ملی نغموں کی گائیکی، مصوری ، مضمون نویسی شامل ہیں، سپورٹس سیکٹر جنرل پبلک میں آرم ریسلنگ ، اتھلیٹکس،بیڈمنٹن ، بلئیرڈ ، ٹیپ بال کرکٹ ، رسہ کشی ، والی بال ، باڈی بلڈنگ(3کیٹیگری) ، فٹبال ، فن ریس ، ویٹ لفٹنگ کے مقابلے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

عوام الناس انفرادی ایونٹس میں نعت خوانی ،قرات، اور کوکنگ جبکہ جنرل پبلک فیملی ایونٹس میں کوکنگ، فیملی ڈریسنگ، صحت مند بچہ،اور کچن گارڈننگ کے مقابلے شامل ہیں ۔ لاہور کی سطح پر ہونے والے مقا بلوں میں 150 یونین کونسلز کے80 ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے ۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈپنجاب عثمان انورنے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں اس مرحلے کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان انور نے بتایا کہ رواں برس ہونے والے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جارہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کے لیے بھی برابر مواقع فراہم کیے گئے ہیں تاکہ پنجاب بھر کے تمام طبقات کی نمائندگی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :