ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کا آغاز ہوگیا ،پوپ فرانسس کا عالمی اقتصادی فورم کے شرکاء پر سماجی ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور،فورم کیلئے پیغام

جمعرات 23 جنوری 2014 06:41

ڈیووس (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جنوری۔2013ء)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے عالمی اقتصادی فورم کے شرکاء پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داریاں ادا کریں۔

(جاری ہے)

سوئٹزرلینڈ کے سرمائی سیاحتی مقام ڈیووس میں شروع ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے لیے ایک پیغام میں پوپ فرانسس نے تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اْن انسانوں کی مدد کے لیے بروئے کار لائیں جو انتہائی غربت میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

ڈیووس کے اس اجلاس میں اقتصادی، سیاسی اور سائنسی شعبے سے تعلق رکھنے والی دنیا بھر سے ڈھائی ہزار سے زیادہ معروف شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔ جبکہ 40 سے زیادہ ریاستی اور حکومتی سربراہان، کے ساتھ ساتھ متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس سال اس اجلاس کا عنوان ہے ”دنیا کی تشکیل نو اور معاشرے، سیاست اور معیشت پر اس کے اثرات“۔ داووس اقتصادی فورم چار روز تک جاری رہے گا۔