ایرانی انجینئر پر جدید جنگی فضائی طیارے کی چوری شدہ دستاویزات ایران بھجوانے کے الزام میں فردِ جرم عائد

جمعرات 23 جنوری 2014 06:42

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جنوری۔2013ء)امریکی حکام نے کہا ہے کہ ایک ایرانی نژاد امریکی انجینئر پر جدید جنگی فضائی طیارے کی چوری شدہ دستاویزات ایران بھجوانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔برطانوی نشریا تی ادارے کے مطابق امریکی ریاست کنیٹی کٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ 59 سالہ مظفر خزعی پر چوری شدہ دستاویزات ایران بھجوانے پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ مظفر کو نو جنوری کو ایف 35 جوائنٹ سٹرائیک لڑاکا طیارے کی دستاویزات ایران سمگل کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا تھا۔اگر مظفر کو عدالت مجرم قرار دیتی ہے تو ان کو 20 سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔کنیٹی کٹ کے اٹارنی نے میڈیا کو بتایا کہ مظفر نے دفاعی کنٹریکٹ کمپنی سے لڑاکا طیارے کے دستاویزات چوری کیے تھے جہاں وہ نوکری کرتے تھے۔

(جاری ہے)

مظفر دفاعی کنٹریکٹ کمپنی پریٹ اینڈ وٹنی میں کام کیا کرتے تھے جہاں وہ انجن کے مختلف حصوں کی مضبوطی جانچنے کے لیے ٹیسٹ کیا کرتے تھے۔امریکی اٹارنی کا کہنا ہے کہ مظفر کو کمپنی نے اگست میں نوکری سے نکال دیا تھا۔استغاثہ کے مطابق مظفر کے خلاف تحقیقات کا آغاز نومبر میں کیا گیا جب کسٹم حکام اور ہوم لینڈ سکیورٹی حکام نے وہ سامان پکڑ لیا جو مظفر کی جانب سے ایران کے شہر ہمدان بھیجا گیا تھا۔

اس سامان پر لکھا تھا کہ گھریلو اشیا ہیں لیکن جب سامان کھولا گیا تو اس میں سے ایف 35 لڑاکا طیارے کی دستاویزات ملیں۔استغاثہ کے مطابق مظفر کو نیو جرسی کے نیوآرک کے ہوائی اڈے سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ایران روانہ ہو رہے تھے۔ایف 35 لڑاکا طیارہ تاریخ کا مہنگا ترین دفاعی پروگرام ہے جس پر تقریباً 400 ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :