ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا

پیر 10 فروری 2014 07:41

کالام(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء)ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ کالام میں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل شام اور رات گئے ملک کے بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم کشمیر میں چند ایک مقامات پرہلکی بارش ہوئی۔ ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11، کوئٹہ منفی 7، ہنزہ، مالم جبہ منفی 6، دیر، دروش، سکردو منفی 05، دالبندین، راولا کوٹ اور قلات منفی 4، پارا چنار اور ڑوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت چند مقامات پر دھند چھائے رہے گی۔