صنعا،وزارت تیل کے نزدیک بم دھماکے میں فوجی کرنل ہلاک،تین افراد زخمی

پیر 10 فروری 2014 07:43

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء)یمن کے دارالحکومت صنعا میں وزارت تیل کے نزدیک بم دھماکے کے نتیجے میں انٹیلی جنس کا ایک کرنل ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ایک سکیورٹی عہدے دار نے بتایا ہے کہ بم انٹیلی جنس کرنل محمد فضل حسین کی کار کی ڈرائیونگ والی نشست کے نیچے نصب کیا گیا تھا اور وہ چلتی کار میں وزارت تیل کی عمارت کے نزدیک دھماکے سے پھٹ گیا۔

(جاری ہے)

بم دھماکے سے نزدیک سے گزرنے والی ایک ٹیکسی کار کو بھی نقصان پہنچا ہے اور اس میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔بم دھماکے میں کرنل فضل حسین کا ایک محافظ بھی زخمی ہوا ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن ماضی میں یمن میں سکیورٹی فورسز سے برسرپیکار جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے جنگجووٴں پر اس طرح کے بم حملوں اور خودکش بم دھماکوں کے الزامات عاید کیے جاتے رہے ہیں۔یمن کی مرکزی حکومت سابق مطلق العنان صدر علی عبداللہ صالح کی عوامی بغاوت کے نتیجے میں رخصتی کے بعد سے ملک میں قیام امن کے لیے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :