طالبان سے مذاکرات اور کراچی آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ، رانا ثناء الله،کراچی میں فہد عزیز کا واقعہ تشویش ناک ہے ،پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے جوفیصلہ ہو گا قبول ہوگا،صحافیوں سے گفتگو

پیر 10 فروری 2014 07:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله نے کہاہے کہ طالبان سے مذاکرات اور کراچی آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ،کراچی میں فہد عزیز کا واقعہ تشویش ناک ہے ،پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے جوفیصلہ ہو گا قبول ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر قانوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز پر پولیس کا بے معنی تشدد افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو اس واقعہ میں ملوث پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے اگر اس طرح کے مزید کراچی میں واقعات رونما ہوئے تو کراچی میں حالیہ آپریشن متاثر ہوسکتا ہے جس سے بہت سے مسائل صوبائی حکومت کیلئے پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس لئے حکومت کو چاہیے وہ اس آپریشن کے دوران بغیر کسی نسلی امتیاز کے کارروائی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کو اپنا کام جاری رکھنا چاہیے اور ان کے کاموں میں کسی کو مداخلت کرنے کا حق نہیں پہنچتا تاکہ یہ کمیٹی کسی صحیح نتائج پر پہنچ سکے اگر مثبت ردعمل ہوا تو حکومت بھی اس کا مثبت جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات انتہائی حساس معاملہ ہے ،طالبان کے مطالبات پر حکومتی کمیٹی کو اظہار خیال کرنے کا موقع دینا چاہیئے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کیس سے ن لیگ کا کوئی تعلق نہیں ہے یہ معاملہ عدالت میں ہے ۔