پاکستان کرکٹ دنیا میں تنہا رہ گئی، تنہائی دور نہ کی گئی تو پاکستان نادہندہ ہو جائے گا،نجم سیٹھی،بگ تھری کے معاملے پر ضمیرمطمئن ہے، پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کیا ،ذکاء اشرف

اتوار 16 فروری 2014 07:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کی دنیا میں تنہا رہ گئی ہے ، تنہائی دور نہ کی گئی تو پاکستان نادہندہ ہو جائے گا جبکہ سابق چےئرمین ذکاء اشرف نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر ان کا ضمیرمطمئن ہے،انہوں نے پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کیا بھارت نیوٹرل مقام پر پاکستان کے ساتھ کھیلنے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ ذکاء اشرف کی عزت کرتے ہیں،انہیں سوچنا چاہئے تھا کہ ان کے فیصلے سے پاکستان تنہا رہ جائے گا اور آج پاکستان کرکٹ کی دنیا میں تنہا رہ گیا ہے اور اگر یہ تنہائی دور نہ کی گئی تو پاکستان نادہندہ ہوجائے گا،ہم نے اس تنہائی کو دور کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں،انہوں نے کہا کہ بگ تھری پر اصولی مؤقف ہی اختیار کریں گے،یہ پاکستان کی ساکھ کا معاملہ ہے،سب سے مشاورت کریں گے،انہوں نے ذکاء اشرف سمیت تمام سابق چےئرمینوں کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالتے ہیں،یہ ان کا ذاتی نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے،انہوں نے کہا کہ سبحان احمد نے کئی چےئرمینوں کے ساتھ کام کیا اور وہ واحد شخص ہیں جو کرکٹ میں پروفیشنل ہیں،ان سے بریفنگ لے کر مشترکہ فیصلہ کرتے ہیں جبکہ ذکاء اشرف نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر انہوں نے جو فیصلہ کیا وہ پاکستان کے مفاد میں کیا ہے وہ اپنے فیصلے سے مطمئن ہیں ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ نیوٹرل مقام پر آج بھی کھیلنے کو تیار ہے۔