پاکستان ریلوے کا خسارہ بتدریج کم ہورہا ہے، سات ماہ میں طے شدہ ہدف سے زیادہ آمدن حاصل کی ہے،خواجہ سعد رفیق ، محنت اور دیانت کے ذریعے ہم ریلوے کو دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا کرسکتے ہیں ، دن رات ایک کر کے ریلوے کو دوبارہ اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ پاکستانی عوام کی اُمیدوں اور اُمنگوں پر پورا اترے ، مغل پورہ ڈرائی پورٹ کے دورے پر گفتگو

اتوار 16 فروری 2014 07:51

اسلا م آ باد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کا خسارہ بتدریج کم ہورہا ہے اور ان سات ماہ میں ہم نے طے شدہ ہدف سے زیادہ آمدن حاصل کی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت اور دیانت کے ذریعے ہم ریلوے کو دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا کرسکتے ہیں۔ یہ بات اُنہوں نے مغل پورہ ڈرائی پورٹ کے دورے پر کہی جہاں اُنہوں نے کنٹینر سپیشل ٹرین کا استقبال بھی کیا جو عرصہ دراز سے معطل تھی۔

اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ دن رات ایک کر کے ریلوے کو دوبارہ اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ پاکستانی عوام کی اُمیدوں اور اُمنگوں پر پورا اترے۔ مغل پورہ ڈرائی پورٹ عرصہ دراز سے ویران پڑی تھی لیکن موجودہ دورِ حکومت میں اس کو فعال بنایا جارہا ہے اس کے سلسلے میں کسٹم حکام اور کسٹم ایسوسی ایشن کا تعاون قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا استقبال کسٹم ایجنٹ ایسوسی ایشن کے صدر امجد چوہدری اور کسٹم کلیکٹر زاہد کھوکھر کے ساتھ ساتھ ریلوے کے اعلیٰ حکام نے کیا، جہاں اُن کی معاونت ایڈیشنل جنرل منیجر جاوید انور نے کی۔

ڈرائی پورٹ کے دورہ کے موقع پر ریلوے اور کسٹم حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جہاں وفاقی وزیر نے اسلام آباد ۔ استنبول ٹرین کی بحالی کا بھی ذکر کیا اور اُسے ریلویز کی تاریخ کا ایک اور سنگ میل قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ مال گاڑیوں کے لیے انجنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گااور مارچ میں 15 مزید انجن مال گاڑیوں کے لیے فراہم ہوں گے۔ ڈرائی پورٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے کیے جانے والے مطالبات پر وفاقی وزیر نے اے جی ایم ٹریفک کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کسٹم اور دیگر حکام کو تمام ڈرائی پورٹس بشمول مغل پورہ ڈرائی پورٹ کی فعالی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کیلئے کہا۔

علاوہ ازیں اس دورے سے قبل وفاقی وزیر سے چینی کمپنی CSR ZIYANG CO کے جی ایم Mr. Tiger Lee نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جو میوگارڈن میں منعقد ہوئی جس میں جنرل مینجر ریلویز انجم پرویز اور ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک جاوید انور سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی،جس میں چین سے منگوائے جانے والے لوکوموٹیوز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ہفتہ کی صبح ایک اور اجلاس میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس خان بیگ اور ہوم سیکریٹری پنجاب نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقات کی جس میں ریلوے کو درپیش سیکورٹی کے خدشات بھی زیر غور آئے اور پنجاب حکومت کے تعاون پر تفصیلات کا تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس سید ابن حسین اور ڈی آئی جی ریلوے پولیس منیر چشتی بھی میٹنگ میں موجود تھے۔