سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان کی جاپانی شہنشاہ سے ملاقات،تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعرات 20 فروری 2014 07:34

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ جاپان کے دوران جاپانی شہنشاہ 'اکیھی ٹو' سے ٹوکیو میں ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی ولی عہد نے اپنے دورہ جاپان کے دوران کئی اہم رہ نماوٴں سیملاقاتیں کیں۔ بدھ کے روز انہوں نے جاپانی شہنشاہ سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔

برطانوی فرمانروا نے شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ہمراہ آئے اعلیٰ اختیاراتی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ولی عہد نے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے جاپانی فرمانروا کے نام خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ دونوں رہ نماوٴں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

سعودی خبر رساں ایجنسی "واس" کے مطابق جاپان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سعودی ولی عہد کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اور ریاض مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے ایک ساتھ آگے بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور جاپانی حکومت کا ویڑن ایک ہے۔

ولی عہد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور جاپان میں عالمی مسائل کے حل کے حوالے سے مکمل ہم آہنگی پائی جا رہی ہے اور دونوں ملک علاقائی بحرانوں اور عالمی سلامتی کے لیے باہمی صلاح مشورے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ جاپان سے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان ماضی میں بھی سعودی عرب کے طلباء کو اپنی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں دے رہا ہے۔ تاہم اس ضمن میں ٹوکیو کی جانب سے مزید تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :