بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،کسیصورت امتحانات میں نقل کی اجازت نہیں دی جائیگی، وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 20 فروری 2014 07:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء )اپنے بچوں کا مستقبل عزیز ہے اور کسی کو اس سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، نقل ایک مہلک رحجان ہے جو نئی نسل کے مستقبل کی تباہی کا سبب بن رہا ہے، لہٰذا کسی صورت امتحانات میں نقل کی اجازت نہیں دی جائیگی، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بدھ کے روز میٹرک کے امتحانی مرکز کے اچانک دورے کے موقع پر امتحانی عملہ اور طالبعلموں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ اپنی سرکاری گاڑی سے مشن روڈ پر اترے اور وہاں سے تعمیر نو کالج کے امتحانی مرکز تک پیدل گئے،علاقے کے لوگ وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر نہایت خوش ہوئے اور وزیر اعلیٰ کی سادگی اور عملیت پسندی کو سراہا، وزیر اعلیٰ نے امتحانی ہال میں میٹرک کے امتحانی امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہیں اور ہم آپ کے مستقبل کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جنہوں نے آج نقل کی وہ زندگی بھر مشکلات سے دوچار ہونے کے ساتھ اپنے مستقبل کو ہمیشہ کے لیے تاریک کر رہے ہیں، امتحانی مرکز کے دورے کے دوران نقل کی بعض علامات ملنے پر وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نقل کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے، وزیر اعلیٰ نے موقع پر ہی مذکورہ مرکز میں تعینات امتحانی عملے کی تبدیلی کا حکم جاری کیا، اس موقع پر مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ ، وزیر اعلیٰ کے پولیٹیکل سیکریٹری خیر جان بلوچ اور چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سعد اللہ خان توخئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔