طالبان کے مزید حملے برداشت نہیں کریں گے، عابد شیر علی ، اب انہوں نے حملہ کیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، دو ٹوک جواب دیں گے، پارلیمنٹ میں موجودہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کررہے ہیں ، بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے، سیسکو میں بجلی چوروں کی سیاسی لوگ سرپرستی کرتے ہیں اور کنڈے ڈلواتے ہیں، بجلی چوری کے کلچر کوختم کرنا ہے ،میڈیا سے بات چیت

جمعرات 20 فروری 2014 07:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ طالبان کے مزید حملے برداشت نہیں کریں گے اور اب اگر انہوں نے حملہ کیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے اور دو ٹوک جواب دیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کی دوپہر پشاور میں شہید ہونے والے میجر جہانزیب کے اہل خانہ سے ان کی رہائش پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ ہم نے طالبان کو واضح اور دو ٹوک پیغام پہنچا دیا ہے اور اب اگر انہوں نے حملہ کیا تو تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرکے آخری لائحہ عمل اپنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میجر جہانزیب نے ملک اور قوم کی حفاظت اور ملک میں قیام امن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے الله نے انہیں شہادت کا رتبہ دیا ہے مگر اب ہم کسی ناحق کا خون نہیں بہنے دیں گے مزید شہادتیں برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کی ہدایت پر میجر جہازیب کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے آیا ہوں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی مگر طالبان کی جانب سے اوپر تلے حملوں کے واقعات کے بعد حکومت یہ سوچنے پر مجبور ہورہی ہے کہ اب دو ٹوک اور سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سوگوار خاندان کے نام پیغام دیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں موجودہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کررہے ہیں جبکہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کو بھی آگاہ کردیا ہے کہ ہم اب مزید کوئی کارروائی برداشت نہیں ہوگی بعد ازاں میپکو ہیڈ کوارٹر ملتان میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے اور سیسکو میں بجلی چوروں کی سیاسی لوگ سرپرستی کرتے ہیں اور کنڈے ڈلواتے ہیں۔

اس کو روکنے اور ختم کرنے کا میں نے عزم کرلیا ہے۔ اب بجلی چوروں کو کنٹرول کریں گے پشاور میں لائن لائسز کم کریں گے اور سکھر میں لائن لاسز کم کریں گے انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے کلچر کوختم کرنا ہے پیسکو میں بہت خراب صورتحال تھی اور بجلی چوروں نے پنجے گاڑھے ہوئے تھے مگر ہم ہر فیڈر کی سطح پر جانچ پڑتال کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم 243 ارب روپے سبسڈی دیتے ہیں اور اتنی ہی بجلی چوری ہوجاتی ہے اگر ہم اس کو کنٹرول کرلیں گے تو اس سے ہم پاکستان میں کئی ڈیم بنا سکتے ہیں اس موقع پر وزیر مملکت نے ڈی جی خان شادر لنڈ فیڈر میں پینسٹھ فیصد لائن لاسز ‘ رحیم یار میں لائن لاسز اور دیگر علاقوں میں لائن لاسز اور بجلی چوری کے حوالے سے تصاویر صحافیوں کو دکھائیں انہوں نے کہا کہ اب میں ڈی جی خان میں سردار اویس لغاری ایم این اے کے علاقے میں ان کو ساتھ لے کر خود کنڈا کلچر ختم کروں گا انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی وجہ سے پاکستان میں بدترین حالات ہیں اور بجلی چوری ہونے کی وجہ یہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کے علاوہ کوٹ مندو میں 49.5 فیصد لائن لاسز ہیں یہ نو گو ایریا ہے اور جو لوگ ہمارے کنڈے اتارتے ہیں اور وہی ملی بھگت کرکے دوبارہ کنڈے لگاتے ہیں انہوں نے کہا کہ جہاں لائن لاسز زیادہ ہوں گے وہاں سے ترانسفارمر اتار لئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کے علاقہ شاہ صدرالدین میں بھی لائن لاسز زیادہ ہیں وہاں میں حافظ عبدالکریم کو ساتھ لے کر چلیں گے انہوں نے کہا کہ حاجی پور میں لائن لاسز زیادہ ہیں انہوں نے کہا کہ میری ان علاقوں کے منتخب نمائندوں سے گزارش ہوگی کہ وہ ہماری مدد کریں میں نے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کو کہہ دیا ہے کہ وہ کل تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھر کی سیاسی شخصیت نے میرے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کی بات کی ہے وہ شوق سے تحریک استحقاق پیش کریں مگر میں اگلے منگل کو سکھر جاؤں گا اور اپنی ٹیم لے کر کنڈے اتاروں گا انہوں نے کہا کہ پیسکو اور سیسکو کے پچیانوے فیصد لائن لاسز ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ڈیوٹی ہے کہ ہم بجلی چوری کو کنٹرول کریں کب تک حکومت اپنی جیب سے پیسے دیتی رہے گی انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو بھی ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اس کو قومی ذمہ داری سمجھیں اور یہ بجلی چوری دہشت گردی ہکے زمرے میں آتی ہے پاکستان کے غریب عوام پر بوجھ پڑتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم بجلی چوری پر ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا ہے اور اس پر آرڈیننس آچکا ہے اس پر دس سے پندرہ ہزار روپے جرمانہ اور تین سال قید ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو معاف نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ گدو پاور پلانٹ سے 732 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کریں گے اور نندی پور کے پاور پلانٹ سے 725 میگاواٹ اور اس سال کے آخر تک 1500 سے دو ہزار میگاواٹ تک بجلی قومی گرڈ میں شامل کردیں گے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک سو چھ ملیں ہیں اور چھیاسی ملوں سے ہمارے مذاکرات جاری ہیں اور ان سے ہمیں بجلی مل گئی تو ہم 2015-16 ء تک دو ہزار میگاواٹ بجلی حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت سے بجلی لینے پر کام کررہے ہیں اور جہاں سے بھی ہمیں پاکستان کے مفاد میں سستی بجلی ملے گی ہم وہ لیں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے صحافیوں سے بدسلوکی کرنے والے حسن پروانہ سب ڈویژن ملتان کے ایس ڈی او اسد منیر ڈاھا اور گلگشت سب ڈویژن میں ایگزیکٹو لاجز میں بجلی چوری میں ملوث ایس ڈی او اور دیگر عملے کو معطل کرنے اور ڈائریکٹر ایڈمن میپکو کو بھی معطل کرنے کے زبانی احکامات دیئے۔