فیلڈ مارشل سیسی فوجی سپریم کونسل کے سربراہ بھی ہوگئے

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:37

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء)مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے مسلح افواج کی سپریم کونسل کی تشکیل نو کے لیے ایک نیا فرمان جاری کیا ہے جس کے تحت آرمی چیف فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کو کونسل کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق مصر کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ آرمی چیف کو فوجی کونسل کا بھی سربراہ بنا دیا گیا ہے حالانکہ مصری آئین کے تحت ملک کا صدر مسلح افواج کا کمانڈر انچیف ہے اور وہی سپریم کونسل کا سربراہ ہوتا ہے۔

صدارتی فرمان کے تحت مسلح افواج کی سپریم کونسل کے ارکان کی تعداد میں بھی اضافہ اور اس کی ہیئت ترکیبی میں ردوبدل کیا گیا ہے۔عبوری صدر عدلی منصور نے چند ہفتے قبل آرمی چیف عبدالفتاح السیسی کو جنرل کے عہدے سے ترقی دے کر فیلڈ مارشل بنا دیا تھا اور اب فوج کے مزید اختیارات ان کی ذات میں مرتکز کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

اب وہ بیک وقت مصر کے وزیردفاع ہیں،آرمی چیف ہیں اور مسلح افواج کی سپریم کونسل کے سربراہ بھی ہوگئے ہیں۔

وہ 3 جولائی 2013ء کو مصر کی تاریخ میں جمہوری طور پر پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو برطرف کرنے کے بعد سے خود کو ملک کے نجات دہندہ کے طور پر پیش کررہے ہیں اور انھیں ملک میں ایک مرتبہ پھر مطلق العنان حکمرانی کے خواہاں مصریوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ جمہوریت نواز ان کی مخالفت کررہے ہیں۔فیلڈ مارشل سیسی کے بارے میں اب یہ کہا جارہا ہے کہ وہ آیندہ صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے وزیردفاع کا منصب چھوڑ دیں گے۔مصر کے سرکاری روزنامے الاہرام نے عرب لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل عمروموسیٰ کے حوالے سے اپنی جمعرات کی اشاعت میں بتایا ہے کہ سیسی آیندہ دس روز میں وزیر دفاع کے عہدے سے سبکدوشی اور صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کردیں گے۔