انڈر 19ورلڈ کپ انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دیکر تیسری پوزیشن سے محروم کردیا ، بی ایم ڈکٹ کو شاندار سنچری کی بدولت مین آف دی میچ دیا گیا ، انگلینڈ نے 247رنز کا ہدف آخری وکٹ کی شانداپارٹنرشپ پر 49.4اوورز میں حاصل کرلیا ، ایونٹ میں آسٹریلیا چوتھے جبکہ بھارت کی پانچویں پوزیشن ہے ، ورلڈ کپ کا فائنل آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:27

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء) انڈر 19ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تیسری پوزیشن سے محروم کردیا ، شاندار پرفارمنس پر انگلینڈ کے بی ایم ڈکٹ مین آف دی میچ کے حقدار ٹھہرے ۔ جمعہ کے روز دبئی میں انڈر 19ورلڈ کپ کی تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز نے شاندار 63رنز کا آغاز فراہم کیا ۔

شارٹ آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 41رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرنا شروع ہوگئی اور یکے بعد دیگرے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد انڈریوز اور ڈرموٹ نے آسٹریلیا کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور میچ کو 50ویں اوور تک لے گئے آٹھویں وکٹ کی شراکت پر شاندار پارٹنر شپ کی بدولت نے آسٹریلیا نے 7وکٹوں پر 246رنز بنا لئے آسٹریلیا کے میک ڈرموٹ 58 ، اینڈریو 40، ولز 31رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے برنارڈ نے 3اور رہوڈز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔247 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو 77رنز پر انگلینڈ کی 4وکٹیں گرنے کے باوجود بی ایم ڈکٹ اور رہوڈز نے ٹیم کو سنبھالا دیا ۔ انگلینڈ نے آخری وکٹ کی شاندار شراکت میں 49.4اوور میں 9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے آسٹریلیا کو شکست دیکر تیسری پوزیشن سے محروم کردیا ۔ انگلینڈ کے بی ایم ڈکٹ نے 100، رہوڈز نے 28اور فشر نے 20 رنز بنائے میچ میں بہترین سنچری بنانے پر ڈکٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ انڈر 19ورلڈ کپ کا فائنل آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ میں انگلینڈ کی تیسری ، آسٹریلیا کی چوتھی جبکہ بھارت کی پانچویں پوزیشن ہے ۔