ایشیاء کپ ،سری لنکا نے ” بگ تھری “ کے سر پنج بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ،بھارت نے مقررہ اوورز میں9وکٹوں گنوا کر264رنز بنائے،سری لنکا نے ٹارگٹ 8وکٹوں پر پورا کر لیا،کمار سنگاکارا نے بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز جوڑ دئیے ،پریرا کا بھی اہم کردار

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:27

فتح اللہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء) بنگلہ دیش میں جاری ایشیاء کپ کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے ” بگ تھری “ کے سر پنج بھارت کو سنسی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ،سری لنکا کی جیت میں اہم کرداد کمار سنگاکارا نے ادا کیا،انہوں نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز بنائیجبکہ پریرا کے 64 رنز نے بھی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔

جمعہ کے روز بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ کے خان صاحب منصور علی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔ بھارتی اوپنرزنے محتاط انداز میں اننگز شروع کی۔سری لنکا کو پہلی کامیابی دسویں اوور میں اس وقت ملی جب سنا نائیکے نے روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

(جاری ہے)

اس وقت بھارت کا سکور 33 رنز تھا۔اس موقع پر ویرات کوہلی اور شیکھر دھون نے دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران دھون نے نصف سنچری بھی مکمل کی۔گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے کوہلی اس مرتبہ دو رن کی کمی سے نصف سنچری نہ بنا سکے اور مینڈس کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94 جبکہ ویرات کوہلی نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

جبکہ اجنکیا رہانے اور رویندرا جڈیجا نے 22، 22 رنز جوڑے ۔ سری لنکا کی جانب سے اجنتھا مینڈس نے 4، سچی تھارا سنانائیکے نے 3 جبکہ لستھ ملنگا اور چھترو گنا ڈی سلوا نے ایک ،ایک کھلاڑی کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری نبھائی ۔مقررہ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے کشل پریرا اور تھریمانے نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنائے۔

سری لنکا کو 80 رنز کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب تھریما34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔سری لنکا کی جانب سے سنگا کارا اور کشل پریرا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے کشل پریرا نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔،سری لنکا کی جانب سے کمار سنگاکارا نے بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

سنگاکارا نے 84 گیندوں پر 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کے لیے جیت کی راہ ہموار کردی۔ 103 رنزپر سنگارا کے پویلین لوٹ جانے کے بعد میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا جس کے بعد پریرا اور اجنتا مینڈس نے کھیل کو اختتام تک پہنچایا اور اس طرح سری لنکا نے ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ سری لنکا کی جانب سے کمار سنگارا103 اورپریرا 64 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی اور جڈیجا نے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشوین کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔سنگا کارا کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔