عابد شیر علی نے جمشید دستی کو سکینڈل کوئن وینا ملک قرار دیدیا،دستی کا ذہنی توازن درست نہیں،وزیر مملکت ،عابدشیرعلی ن لیگ کی حکومت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں ،ویناملک شریف برادران کی رشتہ دارہے ،عابدشیرعلی دماغی توازن درست نہیں ،پارلیمنٹ لاجزکامعاملہ سپریم کورٹ لیکرجاوٴں گا،جمشیددستی، سپیکر ایاز صادق سے آئی جی اسلام آباد کی ملاقات، پارلیمنٹ لاجز کے معاملات پر تبادلہ خیال،سپیکرنے رپورٹ طلب کرلی ، آئی جی کو واقعات کی تحقیقات اور ویڈیو کی ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کی ہدایت ، پارلیمنٹ لاجز میں تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء)وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے جمشید دستی کو پارلیمنٹ کی وینا ملک قرار د یتے ہو ئے کہا کہ جمشید دستی کا ذہنی توازن درست نہیں۔ عابد شیر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمشید دستی کا ذہنی توازن درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے عالمی سطح پر عوامی نمائندوں کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا ہے انہیں ایسے بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔

میں صرف اتنا کہوں گا جمشید دستی کا ذہنی توازن درست نہیں اور وہ پارلیمنٹ کی وینا ملک ہیں۔ادھر جمشید دستی نے ایک نجی ٹی وی گفتگو کے دوران کہا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیاں کے ثبوت پیش کر دیں گے، اسمبلی رکنیت جاتی ہے تو جائے لیکن وہ سچ بولنا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ ملوث ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ارکان حقیقت کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں ، آزاد کمیشن بن جائے تو سارے ثبوت بھی سامنے آ جائیں گے پوری قوم ثبوت دیکھے گی اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ جمشید دستی کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ ذاتی لڑائی نہیں، حقیقت عوام کے سامنے لائیں گے۔ آزادرکن قومی اسمبلی جمشیددستی نے کہاہے کہ عابدشیرعلی ن لیگ کی حکومت کیلئے خطرے کی نشانی ہیں ،ویناملک شریف برادران کی رشتہ دارہیں ،اپنے بیانات پرقائم ہوں ،پارلیمنٹ لاجزکے ثبوت اسپیکرقومی اسمبلی کوپیرکوپیش کروں گا۔

کسی رکن کے کردارکشی کرنامقصدنہیں ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے مسائل کوحل کرنے کے بجائے کسی اورایجنڈاپرعمل پیراہے ،ن لیگ کی حکومت عوام پرڈرون حملے کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اپنے بیانات پرقائم ہوں ،اگراسپیکرنے تحقیقات نہ کرائیں تواس معاملے کوسپریم کورٹ میں لیکرجاوٴں گا۔دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آئی جی اسلام آباد کی ملاقات ، پارلیمنٹ لاجز کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سپیکر نے آئی جی سے لاجز کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ، ا س حوالے سے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز آئی جی اسلام آباد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پارلیمنٹ لاجز میں غیر قانونی سرگرمیو ں کے حوالے سے جمشید دستی کے لگائے گئے الزامات پر تبادلہ خیال کیا گیا سپیکر نے اس موقع پر آئی جی کو لاجز میں ہونے والے واقعات کی تحقیقات کی ہدایت کی اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی سپیکر نے ہدایت کی کہ لاجز کی ویڈیو ریکارڈنگ کا بھی جائزہ لیا جائے ۔

اس کے علاوہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔