عرا ق‘ بم دھماکوں میں 30 افراد ہلاک ، بغداد کے علاقے صدر سٹی میں موٹرسائیکلوں کی مارکیٹ میں دھماکے سے 25 جبکہ بس میں دھماکے سے پانچ افراد ہلاک ہو ئے ، حکا م

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:36

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء)عراق کے دارالحکومت بغداد میں دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے۔حکام کے مطابق بغداد کے علاقے صدر سٹی میں پرانے موٹر سائیکلوں کی مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں 25 افراد ہلاک ہوئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا اور اس کے پھٹنے کے نتیجے میں 45 افراد زخمی ہو گئے۔

صدر سٹی کے علاقے میں ایک منی بس میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ان بم حملوں کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ملک میں القاعدہ سے منسلک سنی جنگجو شیعہ حکومت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔عراق میں گذشتہ ایک سال کے دوران فرقہ وارانہ فسادات میں شدید تیزی دیکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عراقی حکومت کا کہنا ہے کہ صرف جنوری کے مہینے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو کہ گذشتہ چھ سالوں میں کسی ایک ماہ میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق عراق میں سال 2007 کے بعد سال 2013 میں سب سے زیادہ پرتشدد واقعات پیش آئے اور ان واقعات میں 8868 افراد مارے گئے۔عراقی حکام ملک میں ایک سال کے دوران ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد میں اضافے کا الزام القاعدہ اور دولتِ اسلامیہ پر عائد کرتے ہیں۔عراق میں گذشتہ برس دسمبر میں دولت اسلامیہ اور اس کے اتحادیوں نے عراق کے صوبہ انبار کے شہر فلوجہ کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :