مشرف کے معاملہ پر رائٹ ٹرن لیا، یہ پوری فوج کا معاملہ ہے، چودھری شجاعت حسین ،کراچی میں بدامنی کا سلسلہ سیاسی طور پر ہی ٹھیک کیا جا سکتا ہے، حاجی عبد الرزاق یعقوب کے انتقال پر حاجی اقبال اور سلمان اقبال سے تعزیت، چودھری پرویزالٰہی کا بھی فون پر اظہار تعزیت

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف فوج کے سابق سپہ سالار ہیں غدار نہیں، انہیں آئین شکن کہا جا سکتا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں بدامنی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ سیاسی طور پر ہی ٹھیک کیا جا سکتا ہے، کراچی کے معاملات پر عمل دخل کی بات نہیں بلکہ یہ سیاسی بات ہے جو بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ جنرل پرویزمشرف کے معاملے پر میں نے یوٹرن نہیں بلکہ رائٹ ٹرن لیا ہے، رائٹ ٹرن اس لیے کہ یہ اکیلے جنرل پرویزمشرف کا نہیں بلکہ پوری فوج کا معاملہ ہے، سیاچن کی پہاڑیوں پر بیٹھے ہمارے فوجی کو جب یہ خبر ملے گی کہ اس کا سپہ سالار غدار ہے تو پہلی بات اس کے ذہن میں یہ آئے گی کہ اس نے ملک کے ساتھ غداری کی ہے شاید وہ انڈیا یا کسی اور دشمن ملک کے ساتھ مل گیا ہو، اسے آرٹیکل 6 کا کیا پتہ اور اسے کون جا کر آرٹیکل 6 کے بارے میں بتائے گا یہی وجہ ہے کہ میں نے آرٹیکل 6 کی بعض دفعات میں تبدیلی کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی ہے اور میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ غداری کا لفظ ہٹایا جائے اور آئین شکنی کی بات کی جائے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین بعد ازاں اے آر وائی گروپ کے بانی چیئرمین حاجی عبد الرزاق یعقوب کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے حاجی اقبال، ان کے صاحبزادے سلمان اقبال اور دیگر اہل خاندان سے دلی طور پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے بھی ٹیلیفون پر حاجی اقبال اور سلمان اقبال سے تعزیت کی۔

متعلقہ عنوان :