مسجد حرام و مسجد نبوی میں ماہ صیام کے دوران با جماعت نمازوں، تراویح و وتر کیلئے آئمہ کرام کا شیڈول جاری

جمعہ 6 جون 2014 06:52

مکہ المکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء)مکہ المکرمہ میں الحرمین الشریفین کے نگران ادارے نے مسجد حرام اور مسجد نبوی میں ماہ صیام میں با جماعت نمازوں، تراویح اور وتر کے لیے آئمہ کرام کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ مسجد الحرام میں نماز تراویح کے لیے حسب سابق الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس، الشیخ سعود بن ابراہیم الشریم، الشیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عواد الجھنی، الشیخ ڈاکٹر ماھر بن حمد المعیقلی، الشیخ ڈاکٹر خالد بن علی الغامدی اور الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

عربی نیوز چینل کے مطابق ماہ صیام کی پہلی بیس تراویح میں اول رات کو پانچ تراویح کی امامت ڈاکٹر الشیخ سعود الشریم کریں گے

جبکہ بقیہ تراویح اور وتر اور الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس پڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری شب تراویح کی پہلی پانچ رکعتوں کی امامت ڈاکٹر عبداللہ الجھنی کریں گے اور بقیہ نماز اور وتر کی امامت الشیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی کریں گے۔

اس دوران نمازوں کے لیے موذن کے فرائض قاری محمد بن مفرج العمیری ادا کریں گے۔ تیسری نماز تراویح کی پہلی پانچ رکعات ڈاکٹر خالد بن علی الغامدی کی امامت میں ادا کی جائیں گی اور بقیہ تراویح اور وترکی امامت الشیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ کریں گے۔یہی ترتیب بیس ایام کی تراویح میں رہے گی۔ آخری عشرے کی پہلی پانچ رکعتوں کی امامت ڈکٹر عبداللہ الجھنی کریں گے۔

آخری پانچ رکعات اور وتر الشیخ ماہر لمعیقلی پڑھائیں گے جبکہ تہجد کی امامت کے لیے ڈاکٹر عبدالرحمان، ڈاکٹر الشریم، الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی اور الشیخ بندر بن بلیلہ کی باری باری ذمہ داری لگائی جائے گی۔ ختم قرآن کی امامت الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس اور عید کی نماز الشیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید پڑھائیں گے۔