غیر ملکی این جی اوز آفات سے متاثرہ علاقوں میں صرف جاسوسی کرتی ہیں،حمید گل،سچے دل سے خدمت کرتے تو آج لاکھوں متاثرین بے یارومددگار نہ ہوتے،نواز شریف کو باور کرایا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کوئی بڑا بریک تھرو کرتے ہیں تو ٹھیک ورنہ ہم پھر پرانی وردیاں پہن کر خود کشمیر آزاد کروائیں گے، مشرف کیخلاف مقدمہ میرٹ پر ہونا چاہئے، غداری کا مقدمہ کسی بھی صورت قبول نہیں ،مظفرآباد میں ایکس سروس مین سوسائٹی کی تقریب سے خطاب

جمعہ 6 جون 2014 06:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء) سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی (ر) جنرل حمید گل نے کہا ہے کہ ریٹائرڈ فوجیوں کی تنظیم کو سابق صدر پاکستان (ر) جنرل پرویز مشرف نے 17 سال غیر فعال رکھا جو آج ایک بار پھر بڑے پلیٹ فارم پر کھڑی ہے‘ ایکس سروس مین سوسائٹی ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کرسکتی ہے‘ غیر ملکی این جی اوز آفات سے متاثرہ علاقوں میں صرف جاسوسی کرتی ہیں اگر سچے دل سے متاثرین کی خدمت کرتے تو آج لاکھوں کی تعداد میں متاثرین بے یارومددگار نہ ہوتے‘ میاں نواز شریف کو باور کرایا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کوئی بڑا بریک تھرو کرتے ہیں تو ٹھیک ہے نہیں تو ہم پھر پرانی وردیاں پہن کر خود کشمیر آزاد کروائیں گے، مشرف کیخلاف مقدمہ میرٹ پر ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

ہم غداری کا مقدمہ کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سنٹرل پریس کلب میں ایکس سروس مین سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نےٴ کہا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر اور سن کر محسوس ہوا کہ 70 روپے پنشن مل رہی ہے میں اس کا کیا کروں میری آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے جس پر وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار سے فون پر بات کی جسے انہوں نے منظور کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ فوجیوں کے خاندانوں کو سینکڑوں مسائل کا سامنا ہے جنہیں ہر سال پیش ہونے والے بجٹ میں نظرانداز کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کو 17 سال تک میرے شاگرد سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے غیر فعال رکھا جسے سخت محنت اور لگن کے بعد آج اپنی جگہ پر لے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ماضی میں پرویز مشرف سے کہا تھا کہ امریکہ کے سامنے سرنڈر نہ کرنا مگر میری بات نہ سنی گئی اور میں نے تنظیم کو فعال کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف مقدمہ میرٹ پر ہونا چاہئے۔ ہم غداری کا مقدمہ کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔ اگر ایسا ہوا تو پھر ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ جنرل حمید گل نے کہاکہ نریندر مودی جنگ کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ لگتا ہے کہ آخری جنگ ریٹائرڈ فوجی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کیخلاف گیارہ بارہ سالوں سے دوریاں حالیہ دنوں میں ختم ہوگئیں۔

ان کیخلاف پراپیگنڈے پر آج عوام ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا عبداللہ گل بہت جلد جوانوں کا ایک بڑا پلیٹ فارم بنانے والے ہیں جس کیلئے وہ سات سال سے کوشش کررہے ہیں۔ حکمران اسلام آباد کو منزل نہ بنائیں بلکہ اسلام کو منزل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میاں میاں نواز شریف نے انٹرنیشنل کانفرنس کے اندر مسئلہ پر سخت موقف رکھتے ہوئے تقریر کی جس پر اس وقت کے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کا منہ بند ہوگیا تھا جبکہ حالیہ نواز شریف کا حالیہ دورہ بھارت مایوس کن رہا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی این جی اوز نے صرف کشمیریوں کے متاثرہ علاقوں میں جاسوسی کا کام کیا ہے اگر وہ انسانی جذبے کے تحت کام کرتیں تو آج مظفرآباد ویران نہ ہوتا۔ آئندہ ایکس سروس مین کا ایک ایسا ادارہ بن جائے گا جو ملکی سلامتی کے علاوہ فلاحی کاموں میں بھی حصہ لے گا۔ اس کیلئے ہمیں فنڈز بھی ملیں گے۔ ہمیں کسی بھی غیر ملکی این جی اوز کی ضرورت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد آزاد کشمیر سے تنظیم سازی ہوگی جس کیلئے ابتدائی طور پر پہلے صدر اور پھر الیکشن کے تحت باڈی بنائی جائے گی جس میں مجاہد فورس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری طور پر عملی اقدام اٹھائیں نہیں تو ریٹائرڈ فوجی پرانی وردی پہن کر خود مسئلے کو حل کرکے کشمیر آزاد کروائیں گے۔

آخر میں قرارداد پیش کی گئی جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ان کی طرف سے جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے کئے گئے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اور افواج پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے پر ایک میڈیا گروپ کی شدید مذمت کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف کے سماجی طرز عمل کو سراہتے ہوئے مظفرآباد میں فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے ہر فرد کی طرف سے کشمیریوں کیلئے قربانی دینے کا عہد کیا گیا جبکہ ریٹائرڈ فوجیوں کیلئے مظفرآباد میں فوجی فاؤنڈیشن‘ ہسپتال‘ کالج اور فنی مراکز قائم کرنے کیلئے رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ تقریب میں گذشتہ روز وانا میں شہید ہونے والے ضلع نیلم کے بہادر سپوت سپاہی شہباز احمد کی عظمت کو سلام پیش کیا اور ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ آخر میں جنرل (ر) حمید گل نے شہید فوجیوں کی بیواؤں سے ملاقات کی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔