ایران کی ٹیم جیت کا عزم لئے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے برازیل پہنچ گئی، برازیل پہنچنے پر ایرانی ٹیم کا پرجوش استقبال ، ایرانی ٹیم کو گروپ ایف میں نائیجریا ، ارجنٹائن اور بوسنیا کے ساتھ رکھا گیا ہے

جمعہ 6 جون 2014 06:42

ساؤ پولو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء) ایران کی ٹیم جیت کا عزم لئے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے برازیل پہنچ گئی۔ ورلڈ کپ کا آغاز 12 جون سے ہو گا جس میں سپین کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

(جاری ہے)

ایرانی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے جمعرات کو برازیل پہنچ گئی جہاں اس کا پرجوش استقبال کیا گیا اس موقع پر برازیل میں موجود شائقین فٹ بال کا جوش بھی دیدنی تھا،

ایران نے دوستی کا پیغام دینے کیلئے ریشم سے ایسی قالین تیار کر رکھی تھیں جس میں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے جھنڈے بنے تھے اور کھلاڑی قالینوں کے ٹکڑے لے کر برازیل پہنچے جو کہ میگا ایونٹ میں شامل تمام ممالک کی ٹیمیوں کے لیے امن کا پیغام بھی ہے۔

ایران کی ٹیم کو گروپ ایف میں نائیجیریا، ارجنٹائن اور بوسنیا کے ساتھ رکھا گیا ہے اور وہ 16 جون کو نائیجیریا کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ ایرانی ٹیم 21 جون کو ارجنٹائن جبکہ 25 جون کو بوسنیا کے مدمقابل ہو گی۔

متعلقہ عنوان :