شامی فوجی ہیلی کاپٹر کی خانہ جنگی سے بے گھر افراد کے کیمپ پر بمباری،بچوں سمیت 12افراد ہلاک ،7زخمی

جمعرات 19 جون 2014 07:51

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء)شامی فوجی ہیلی کاپٹر کی اردنی سرحد کے نزدیک خانہ جنگی سے بے گھر ہونے والے افراد کے ایک کیمپ پر بدھ کے روز فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ بچوں سمیت 12افراد ہلاک ہوگئے،یہ بات ایک مبصر گروپ نے کہی۔حقوق انسانی کیلئے شامی مبصر گروپ کا کہنا ہے کہ جنوبی شجارا گاؤں کے نزدیک کیمپ پر فضائی حملے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

مبصر گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمان نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری تھے،یہ لوگ درعا صوبہ کے دیگر حصوں میں تشدد کی وجہ سے نقل مکانی کر گئے تھے۔فضائی حملہ ایسے وقت سامنے آیا جب درعا صوبہ میں تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں سرگرم کارکنوں کے مطابق باغی حالیہ مہینوں میں پیشقدمی کر رہے ہیں۔تقریباً شام کی نصف کے قریب آبادی مارچ2011ء میں صدر بشارالاسد کی حکومت کیخلاف شروع ہو نے والی احتجاجی تحریک کے بعد سے اپنا گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔30لاکھ سے زائد افراد بیرون ملک پناہ لئے ہوئے ہیں،تاہم 60لاکھ کے قریب مزید افراد شام کے اندر بے گھر ہیں،جن میں سے کئی سرحدوں پر واقع کیمپوں میں دشوار گزار حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :