کراچی ، ماڑی پور میں رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر ہلاک، دہشت گرد کے قبضے سے اہم سیاسی رہنماؤں کی ہٹ لسٹ بر آ مد ،سول اسپتال کے قریب تاجر سے بھتہ وصول کرنے کے لئے آنے والے 2 ملزمان بھی ما رے گئے 5 گرفتا ر

جمعرات 19 جون 2014 07:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء) کراچی کے علاقے ماڑی پور میں رینجرز سے مبینہ مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر مارا گیا، دہشت گرد کے قبضے سے اہم سیاسی رہنماؤں کی ہٹ لسٹ بھی ملی ہے،سول اسپتال کے قریب رینجرز نے تاجر سے بھتہ وصول کرنے کے لئے آنے والے 2 ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی میں رینجرز کا مبینہ مقابلہ ہواجس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر مارا گیا،، ترجمان رینجرز کا دعویٰ ہے کہ مارے جانے والے ملزم کی شناخت زوہیر عرف سلمان کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ہٹ لسٹ بھی ملی ہے جس میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، فیصل رضا عابدی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان کا نام بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

، جس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان مولوی خالد گروپ سے ہے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ دہشت گرد نے شمالی وزیرستان میں آرمی اور ایف سی کے 20 جوانوں کو نشانہ بنایا ہے،، دہشت گرد کے قبضے سے ایس ایم جی اور ہینڈ گرنیڈ بھی ملے ہیں۔ ادھر ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ سول اسپتال کے قریب تاجر سے بھتہ وصول کرنے کے لئے آنے والے گینگ وار ملزمان کو رینجرز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی توملزمان نے فائرنگ کردی،

جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی کلفٹن عبادت نثار کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے جونیجو ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاجبکہ اسکے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔ ادھر بوٹ بیسن کے علاقے سے پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا،جبکہ اسکا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق لانڈھی انڈسڑیل ایریا کے علاقے پولیس نے ایک ملزم کو خنجر سمیت گرفتار کرلیا۔ نیو کراچی کے علاقے سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ 2 ملزمان فرارہوگئے، ملزم کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل،موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔