امریکی شہری نے زیرِ سمندر 31 روز تک رہنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

جمعہ 4 جولائی 2014 06:54

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء) امریکہ کے ایک شہری نے زیرِ سمندر 31 روز تک رہنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ فیبیئن کوسٹیو معروف فرانسیسی بحری ماہر کے پوتے ہیں جنھوں نے فلوریڈا میں 31 روز تک پانی میں رہنے کا ریکارڈ قائم کیا۔چھیالیس سالہ فیبین نے ایک 43 فٹ لمبی لیبارٹری میں رہ کر فلوریڈا کے پانیوں میں 60 فٹ کی ڈائیو لگائی اور وہاں ایک مہینے سے زائد عرصہ گزارا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس مہم جوئی کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے افراد تک یہ پیغام پہنچانا تھا کہ اپنی آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کا خیال رکھیں، جسے ہم تباہ کر رہے ہیں۔فیبیئن کا کہنا تھا کہ 'ذاتی طور پر میرے لیے یہ بہت فخر کی بات ہے کیونکہ میرے دادا نے بھی 50 سال قبل بحر احمر میں زیرآب 30 دن گزارے تھے'۔فیبیئن کے اس تجربے کے دوران میساچوسٹس انسٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو دن میں کئی بار سمندری علاقوں کی چھان بین کا موقع ملا اور انھوں نے بحری زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا۔