ہمیں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں تاہم اس کے لیے حکومت کی کلیئرنس کی ضرورت ہوگی، سنجے پٹیل ،بی سی سی آئی کا یہی موقف ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی اس کا علم ہے ، سیکرٹری بی سی سی آئی

جمعہ 4 جولائی 2014 06:39

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں تاہم اس کے لیے حکومت کی کلیئرنس کی ضرورت ہوگی۔ ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی کا یہی موقف ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اسکا علم ہیے۔پٹیل کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں بی سی بی کے ایک اعلامیے میں چیئرمین بی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے 2015 سے 2023 کے درمیان چھ دوروں کے معاہدے پر بھی دستخط ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت پاکستان چھ میں سے چار سیریز کے دوران روایتی حریف کی میزبانی کرے گا۔اعلامیے میں نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں 'بگ فور' کا درجہ مل گیا ہے جس کے تحت ہندوستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد پاکستان کو آئی سی سی کی آمدنی کا سب سے بڑا حصہ ملے گا۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر پی سی بی نے اس منصوبے کی مخالفت کی تھی تاہم بعدازاں اسے منظور کرلیا گیا۔ہندوستان نے 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان کے ساتھ کوئی بھی مکمل سیریز نہیں کھیلی۔تاہم دسمبر 2012 میں گرین شرٹس نے تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز ہندوستان میں کھیلی تھی۔