وزیراعلی کی ہدایت پر صوبائی وزراء کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے ،صوبائی وزیر اقبال چنڑ کا میلسی ،وہاڑی اور بوریوالا میں رمضان بازاروں کا دورہ ، آٹے کے کم وزن تھیلے کی شکایت کا نوٹس،صوبائی وزیر انڈسٹری و کامرس چوہدری شفیق اچانک ساہیوال ماڈل رمضان بازار پہنچ گئے ، شہریوں سے نرخ دریافت کئے ،صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک تنویر اعوان کا لالہ موسی ، کھاریاں اور گجرات کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے ،سٹالوں کا معائنہ،وزیر معدنیات چوہدری شیر علی کے پسرور میں رمضان بازارو ں کا اچانک دورہ کرکے اشیائے صرف کی فراہمی اور نرخ چیک کئے،صوبائی معاون خصوصی کے لاہور میں سنگھ پورہ، شادباغ اور واہگہ ٹاؤن رمضان بازاروں کے دورے ،ناقص اشیاء اٹھا نے کا حکم

جمعہ 4 جولائی 2014 06:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزراء نے مختلف شہرو ں میں رمضان بازاروں کے دورے کئے اور اشیائے صرف کی فراہمی ،معیار اور نرخ کا جائزہ لیا -عوام کو کم از کم نرخ پر معیاری اشیائے صرف کی فراہمی کے لئے تمام اضلاع میں انتظامیہ کو متحرک کردیاگیاہے جبکہ صوبائی وزراء اور مشیروں کو نگرانی کی ڈیوٹی تفویض کی گئی ہے - صوبائی وزیر امداد باہمی محمد اقبال چنڑ نے میلسی ، وہاڑی اور بوریوالا میں رمضان بازاروں کا معائنہ کیا - صوبائی وزیر نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹال پر عمدہ کھجور اور سبسڈی ایٹم کے علاوہ دیگر سبزیاں بھی فراہم کرنے کا حکم دیا - صوبائی وزیر نے یوٹیلٹی سٹور پر آٹے کے کم وزن تھیلے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے فلور مل کے خلاف کارروائی کا فوری حکم دیا - اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا کہ ضلعی حکومت وہاڑی کی طرف سے مقرر نرخ سے بھی 5 روپے کم پر عوام دالیں وغیرہ فروخت کی جارہی ہیں -صوبائی وزیر انڈسٹری و کامرس چوہدری محمد شفیق نے ساہیوال میں ماڈل رمضان بازار کا دورہ کیا - انہو ں نے محکمہ انڈسٹری کی طرف سے سستی چینی کے سٹال کا معائنہ کیا اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے اشیاء کی دستیابی ،نرخ اور وزن کے بارے میں دریافت کیا - ڈی سی او ساہیوال ڈاکٹر ساجد محمود نے بتایا کہ ضلع کے تمام رمضان بازاروں میں چکن ، مٹن اور بیف بازار سے ارزاں نرخ پر دستیاب ہے -صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ملک تنویر اسلم اعوان نے گجرات ،لالہ موسی اور کھاریاں میں رمضان بازارو ں کا دورہ کیا - صوبائی وزیر نے سبزیوں ،پھلوں ،گوشت اور دیگر سٹالوں کا دورہ کرکے دوکانداروں اور خریداروں سے تبادلہ خیال کیا - صوبائی وزیر نے رمضان بازار کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا - صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیرعلی نے پسرور میں رمضان بازار کا اچانک دورہ کرکے اشیائے صرف کی فراہمی اور نرخ چیک کئے - انہو ں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رمضان بازار کے انعقادکا مقصد صارفین کو رعایتی نرخ پر اشیائے صرف کی فراہمی ہے کسی دوکاندار کومن مانے نرخ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی - گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزروں کا سختی سے احتساب کیاجائے گا - معاون خصوصی برائے وزیراعلی ملک سلیم اقبال نے لاہور میں سنگھ پورہ ، شادباغ اور واہگہ ٹاؤن کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے - معاون خصوصی برائے وزیراعلی ملک سلیم اقبال نے اس موقع پر مارکیٹ کے احکام کو ہدایت کی کہ آٹے کا تھیلہ ایک ہی فرد کو فروخت کیاجائے اور دوکاندار ، ہوٹل یا تندور مالکان کو سسبڈی کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہ دی جائے - ملک سلیم اقبال نے رمضان میں ناقص سبزیاں، پھل او رچاول اپنی موجود گی میں اٹھانے کا حکم دیا او رکہاکہ ناقص اشیاء فروخت کرنے والے دوکانداروں کے سٹال فوری طور پر اٹھا دیئے جائیں - ملک سلیم اقبال نے رمضان بازاروں میں بہترین آلو ، لیمو ں اور گھی لانے کا حکم دیا ۔

متعلقہ عنوان :