امریکہ براہ راست پروازوں والے ہو ائی اڈوں پرسکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ ،شام اور یمن میں القاعدہ کے دہشت گرد بم بھیج سکتے ہیں ‘امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی

جمعہ 4 جولائی 2014 06:53

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جولائی۔2014ء)امریکا نے براہ راست امریکا پروازوں والے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ شام اور یمن میں القاعدہ کے دہشت گرد وہاں سے بم بھیج سکتے ہیں۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری کا کہنا ہیکہ ان تمام غیرملکی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھائی جارہی ہے جہاں سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اتحادی ممالک کے ساتھ مصدقہ معلومات کا تبادلہ اور ایوی ایشن صنعت کے ساتھ بھی مشاورت کی جارہی ہے،تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کون کون سے ایئرپورٹ ایسے ہیں جہاں سکیورٹی بڑھائی جارہی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شام اور یمن میں القاعدہ کے دہشت گرد بم بنارہے ہیں جو ممکنہ طورپر امریکا آنے والی پروازوں میں اسمگل کئے جا سکتے ہیں۔