جاوید ہاشمی کی نااہلی با رے دائر درخواست پر رجسٹرار ہائیکورٹ کے اعتراضات بحال،جاوید ہاشمی ملتان سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ انہیں نااہل قرار نہیں دے سکتی، درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہئے، عدا لتی ریما رکس

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کو نااہل قرار دینے کے حوالے سے دائر درخواست پر رجسٹرار ہائیکورٹ کے اعتراضات کو بحال رکھتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف جاوید ہاشمی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار محمد افضل کے وکیل رئیس ممتاز حسین عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی کی طرف سے پاک فوج اور چیف جسٹس آف پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں جوکہ اخبارات میں شائع ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے صدر نے باقاعدہ پریس کانفرنس کرکے دونوں آئینی اداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔

لہٰذا عدالت پی ٹی آئی کے صدر کو نااہل قرار دے اور انہیں الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔ مختصر سماعت کے بعد عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی ملتان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ انہیں نااہل قرار نہیں دے سکتی لہٰذا درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہئے۔

عدالت نے احکامات جاری کئے کہ درخواست گزار پی ٹی آئی کے صدر کیخلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن ملتان آفس میں لے جائیں اور وہاں پر درخواست دائر کریں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار کی جانب سے پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی کی نااہلی کیخلاف دائر درخواست پر اعتراضات لگائے گئے تھے جسے عدالت نے بدھ کے روز بحال رکھتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔