سراج الحق نے فون کرکے یہ درخواست کی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی کا استعفیٰ فی الحال منظور نہ کیے جائیں ، آغا سراج درانی

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:13

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء ) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے فون کرکے یہ درخواست کی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی کا استعفیٰ فی الحال منظور نہ کیے جائیں ۔ وہ بدھ کو امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ ( Brian Heath ) سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔

آغا سراج درانی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے فون کرکے یہ بتایا کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں ، جب تک ان مذاکرات کا نتیجہ نہیں نکلتا ، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے استعفیٰ منظور نہ کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ملک سے باہر تھا ۔ ابھی تک میں نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں والی فائل نہیں دیکھی ہے ۔

(جاری ہے)

استعفیٰ منظور کرنا یا نہ کرنا اسپیکر کا اختیار ہے ۔ وقت آئے گا تو استعفیٰ منظور بھی کر لیں گے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ارکان سندھ اسمبلی استعفے دیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رکن پروین عزیز جونیجو کا استعفیٰ ان کا شوہر میرے پاس لایا تھا اور پروین عزیز جونیجو نیچے گاڑی میں بیٹھی رہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پروین عزیز جونیجو میڈیا پر تو احتجاج کر رہی ہیں لیکن انہوں نے میرے ساتھ خود ابھی تک رابطہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں ان کا استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھجوا چکا ہوں ۔ اگر انہیں کوئی اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں ۔پروین جونیجو کا مسئلہ میاں بیوی کا جھگڑا ہے۔ ان کا استعفی قبول کرلیا گیا ہے۔وہ میرے پاس شکایات لے کر نہیں آئی ہیں کہ ان سے زبردستی استعفی لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے امریکی قونصل جنرل سے کہا ہے کہ امریکی امداد سے چلنے والے منصوبے صرف شہروں تک محدود نہ رکھے جائیں بلکہ ان کا دائرہ کار دیہی سندھ میں بھی بڑھایا جائے ۔ دیہی علاقوں میں پانی ، صحت اور تعلیم کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے ۔ امریکی قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے لیے اقدامات کریں گے ۔

قبل ازیں امریکی قونصل جنرل نے اسپیکر سندھ اسمبلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے امریکی قونصل جنرل کو سندھ اسمبلی کی پرانی اور نئی عمارتوں کا بھی دورہ کرایا ۔ امریکی قونصل جنرل نے ان عمارتوں کے آرکیٹیکچر اور ڈیزائن کی تعریف کی ۔