وزیراعظم نوازشریف نیویارک پہنچ گئے، (کل)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے،خطاب میں مسئلہ کشمیر، بھارت و افغانستان سے تعلقات، علاقائی وعالمی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے،نریندرمودی سے ملاقات کا امکان نہیں، اوبامہ سے استقبالیہ میں مختصر ملاقات ہوگی

جمعرات 25 ستمبر 2014 08:12

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء)وزیراعظم پاکستان میاں نوا زشریف بدھ کو نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ (کل) 26ستمبرکواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ وزیراعظم کے دورہ اقوام متحدہ کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے ۔وزیراعظم اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر، بھارت و افغانستان سے تعلقات، علاقائی وعالمی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے قریبی ذرائع اور دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف ، امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور جاپانی وزیراعظم شنزو ایبی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ اقوام متحدہ کی امن کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وہ دیگر ملکوں کے مختلف رہنماؤں او رسربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں تاہم بیک ڈور چینلز سے اب بھی ملاقات کے لئے کوششیں جاری ہیں تاہم اس کے امکانات بہت کم ہیں۔ نوازشریف امریکی صدر اوبامہ کی طرف سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ میں بھی شریک ہوں گے جس میں ان کی امریکی صدر سے مختصر ملاقات بھی متوقع ہے۔