قوم یقین رکھے، دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک انکے خلاف کارروائی جاری رہے گی،صدر مملکت ، پوری قوم کسی گروہی اختلاف کے بغیر دشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے، سیمینار سے خطاب

جمعرات 18 دسمبر 2014 08:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قوم یقین رکھے، دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک انکے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ پوری قوم کسی گروہی اختلاف کے بغیر دشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے کراچی میں فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کے زیر اہتمام صحت سیفٹی اور ماحولیات سے متعلق تیسرے بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر ممنون حسین نے پشاور میں بچوں کے سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکی ہمدردیاں شہید ہونے والے بچوں کے مظلوم والدین کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے بچوں کا جو بیہمانہ قتل ناقابل تلافی نقصان ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گی، صدر مملکت نے دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کرکے سینکڑوں بچوں کو بچانے والے فورسز کے بہادر جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے پاکستان، اس خطے اور دنیا کو رہنے کے قابل بنانے کے لیے ہزاروں جوانوں، بچوں اور خواتین کی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ صدر مملکت نے پوری پاکستانی قوم کو یقین دلایا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف فوجی کارروائی جاری رہے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کررہی ہے۔

پاکستان کی سرزمین بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے مواقعوں کی سرزمین ہے کیونکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کے قوانین خطے میں سب سے بہتر ہیں۔ عسکریت پسندی کے مکمل خاتمے کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :