الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شامونہ بادشاہ قیصرانی کی ڈگری جعلی ثا بت ہو نے پر رکنیت ختم کر دی،سپریم کورٹ نے غوث علی شاہ کی رکنیت کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کردیا،کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی

جمعرات 18 دسمبر 2014 08:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شامونہ بادشاہ قیصرانی کی جعلی ڈگری کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے رکنیت ختم کردی۔ بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی مس شامونہ بادشاہ قیصرانی کی جعلی ڈگری رکھنے کے حوالے سے بہاولپور الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کی روشنی میں ان کی رکنیت ختم کردی ہے۔

شامونہ بادشاہ قیصرانی ڈیرہ غازی خان کے حلقہ پی پی 240 سے منتخب ہوئی تھیں۔ ضمنی الیکشن کا شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا۔ادھرسپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 215 خیرپور میں مسلم لیگ (ن) کے غوث علی شاہ کی رکنیت کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کردیا اور کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے یہ حکم بدھ کے روز نواب علی وسان کی درخواست پر جاری کیا۔

چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران نواب علی وسان کی جانب سے عبدالحفیظ پیرزادہ جبکہ غوث علی شاہ کی جانب سے افتخار گیلانی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عبدالحفیظ پیرزادہ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے سنے بغیر فیصلہ دے دیا ہے اسلئے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جس پر عدالت نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے نواب علی وسان کی رکنیت ختم کرنے اور غوث علی شاہ کی رکنیت بحالی کی حد تک فیصلے کو معطل کردیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے میں کی جائے گی۔