بجلی کے بعد گیس کی بھی اوور بلنگ کا سلسلہ شروع ،گیس کمپنیوں کے خلاف 28500 درخواستیں اوگرامیں دائر،27ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا

جمعرات 18 دسمبر 2014 08:57

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء ) حکومت نے بجلی کے بعد اب گیس کی بھی اوور بلنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے ، اووربلنگ سے ستائے ہوئے عوام نے داد رسی کے لئے اوگرا کا رخ کرلیا ہے اوگرا کے پاس اور گیس اوور بلنگ کے حوالے سے اب تک (28500) اٹھائیس ہزار پانچ سو درخواستیں دائر کی گئی ہیں ۔ اوگرا رپورٹ کے مطابق سوئی نادرن گیس کمپنی اورسوئی سدرن کمپنی نے اور گیس بلنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا حکام نے دونوں گیس کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اوور بلنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کریں ورنہ بھاری جرمانے کئے جائینگے ۔

خبر رساں ادارے کو اوگرا ذرائع سے ملنے والی دستاویزات میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ 31اکتوبر 2014ء تک اٹھائس ہزار پانچ سو شکایات اووربلنگ کی موصول ہوئی تھیں جن میں 27600 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے اور براہ راست پچیس کروڑ روپے کا فائدہ گھریلو صارفین کو دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اوگرا کی مداخلت پر پانچ ہزار افراد کو گھریلو گیس کنکشن دیئے گئے ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق اووربلنگ کی شکایات زیادہ تر گھریلو صارفین کی طرف سے دائر کی گئی ہیں اوگرا ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کمرشل صارفین اور سی این جی سیکٹرز میں گیس چوری کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور یہ ضابطہ بنایا گیا ہے کہ کمرشل صارفین سی این جی مالکان کو گیس بل کیخلاف درخواست دائر کرنے سے پہلے بل کا اسی فیصد ادا کرنا پڑتا ہے اس اقدام سے ملک میں گیس چوری بھی کم ہوئی ہے

متعلقہ عنوان :