آئندہ تین سالوں میں کوئی بچہ سکول جانے سے محروم نہیں رہے گا‘ رانا مشہود احمد خاں،’ پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب“ پروگرام کے تحت تمام وزراء اور ارکان پارلیمنٹ ایک ایک سکول اپنائیں گے،صوبائی وزیر تعلیم وکھیل

جمعرات 9 اپریل 2015 03:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر تعلیم وکھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ آئندہ تین سالوں میں کوئی بچہ سکول جانے سے محروم نہیں رہے گا۔” پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب“ پروگرام کے تحت تمام وزراء اور ارکان پارلیمنٹ ایک ایک سکول اپنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر تعلیم نے حکومت پنجاب کے پروگرام ”پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب“کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلعی حکومت اور محکمہ تعلیم کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ جدید علوم حاصل کئے بغیر کوئی ملک ترقی حاصل نہیں کر سکتا اور نہ ہی مستقبل کے چلینجز کا مقابلہ کر سکتا ہے۔اسی لئے حکومت دور جدید کے تقاضوں کے مطابق فروغ تعلیم کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت 2010 سے سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے تاکہ سکولوں کی حالت بہتر ہو اور معیار تعلیم بلند ہو۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کررہی ہے جبکہ سکولوں میں سمارٹ بورڈ بھی شروع کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیار ی تعلیم کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور مقصد کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :