دورہ زمبابوے کا کامیاب آغاز ؛پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان زمبابوے کو13رنز سے شکست دیدی،پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 136رنز بنائے ،جواب میں زمبابوے کی ٹیم9وکٹوں کے نقصان پر123رنز بنا سکی، عماد وسیم 11رنز کے عوض4کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر مین آف دی میچ قرار

پیر 28 ستمبر 2015 08:45

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2015ء) پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان زمبابوے کو13رنز سے شکست دے دی ہے،پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 136رنز بنائے جواب میں زمبابوے کی ٹیم9وکٹوں کے نقصان پر123رنز بنا سکی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان کی طرف سے احمد شہزاد اور مختار احمد نے اننگر کا آغاز کیا21کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنر چوتھے اوور میں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے،احمد شہزاد نے17اور مختار احمد 4رنز بنا سکے۔

بعد میں آنے والے بلے باز بھی تیز کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوتے گئے،شعیب ملک24گیندوں پر35رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے،محمد رضوان نے33رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

عماد وسیم جن کو شاہد آفریدی نے پہلے بیٹنگ کیلئے بھیجا19رنز بنا سکے،شاہد آفریدی آخری اوور میں کھیلنے آئے اور صرف2رنز بنا سکے۔زمبابوے کی طرف سے چیپانہ نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔زمبابوے کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا،چیبانہ بغیر کوئی رنز بنائے عمار وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے،مساکاتذا نے25،سی آر اروائن11 رنز بنا سکے۔

آخری اوور میں زمبابوے کو16رنز درکار تھے اور اس کی2وکٹیں باقی تھیں۔کپتان چکمبورا 31رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوور میں9وکٹوں کے نقصان پر123رنز بنا سکی،پاکستان نے اس میچ میں13رنز سے فتح حاصل کی۔پاکستان کی طرف سے عماد وسیم نے11رنز کے عوض4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا

متعلقہ عنوان :