وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں قومی مسائل کے حل کیلئے اتفاق رائے پیدا کرکے نئے سیاسی کلچر کی بنیاد ڈالی گئی ہے،امن دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، آخری جیت صرف پاکستان کی ہوگی،شہبازشریف،دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیلئے وطن میں کوئی جگہ نہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں موثر اقدامات کئے ہیں،کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے قلع قمع کے لئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے ،قوم کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، اپنوں سے دور رہ کر ملک کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینے والے قوم کے دلیر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجا سکتا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے،اہم قومی امور پر فیصلے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کئے گئے ہیں ، آج کا پاکستان 2013کے مقابلے میں پرامن اور معاشی لحاظ سے مستحکم بن چکا ہے،وزیراعلیٰ کی پارٹی عہدیداروں و کارکنوں سے گفتگو

پیر 28 ستمبر 2015 08:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ توانائی بحران اور دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیحات ہیں۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں کے لئے جتنی مخلصانہ کاوشیں موجودہ دور میں ہوئی ہیں اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

چین کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کے متعدد منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور 2017 کے اختتام تک توانائی کے کئی منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے ۔ وہ رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا نصب العین ہے اور حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کے مسائل حل کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث ملک کی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013کے مقابلے میں مضبوط ، پرامن اور معاشی لحاظ سے مستحکم بن چکا ہے اور انشاء اللہ آئندہ اڑھائی برس کے دوران پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے اوراہم قومی امور پر فیصلے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ قومی اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں قومی مسائل کے حل کیلئے اتفاق رائے پیدا کرکے نئے سیاسی کلچر کی بنیاد ڈالی گئی ہے۔

پاک فوج کے افسروں و جوانوں اور پولیس حکام و اہلکاروں کی فرض شناسی اور لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں پرفخر ہے اور پاکستان کی بقاکی جنگ لڑنے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جا ن ومال کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل پولیس حکام اور اہلکاروں کی فرض شناسی پر بھی ناز ہے۔

عید پر اپنوں سے دور رہ کر ملک وقوم کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینے والے قوم کے دلیر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجا سکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے وطن عزیز میں کوئی جگہ نہیں۔قوم کے اتحاد کی طاقت سے دہشت گردی اورانتہا پسندی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے قلع قمع کے لئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ امن دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے اور اس جنگ میں آخری جیت صرف اور صرف پاکستان اور 18 کروڑ عوام کی ہوگی