کراچی ،رینجرز کی کارروائی،3 ٹارگٹ کلرز گرفتار،گرفتار ملزمان پچاس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں، ترجمان رینجرز

پیر 28 ستمبر 2015 08:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2015ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اوررینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے3ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے ،کھارادر سے گرفتار ٹارگٹ کلر50افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ۔ترجمان کے مطابق رینجرز نے سرجانی ٹاون میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور کاروائی میں ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ریحان عرف بہاری گرفتار کرلیا ،رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم سیاسی مخالفین اورپولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے،ملزم ٹارگٹ کلرز کی کئی ٹیمیں چلا رہا تھا،بھتہ خوری کا بھی اعتراف کرلیا،رینجرز نے ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کرکے دو روز کا راہ داری ریمانڈ حاصل کرلیا ہے،عید کی تعطیلات کے بعد ملزم کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے سے کھارا دار سے 50 افراد کا قاتل فیصل عرف پراٹھا پکڑلیا۔

(جاری ہے)

ملزم فیصل عرف پراٹھا 50 افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ وہ ایک سیاسی جماعت کا عہدیدار ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی علاقے میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔ ادھرکراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گشت کے دوران رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جوابی فائرنگ سے ملزم طاہر عرف تارو زخمی ہوگیا جسے گرفتارکرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شریف آباد میں رینجرز اہلکاروں نے ایک ملزم کا تعاقب کر کے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے فائرنگ کردی۔جوابی فائرنگ کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس سے اسلحہ برآمد کیا گیا اور عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس پی لیاقت آباد اصغر عثمان نے بتایا کہ زخمی ملزم کی شناخت طاہر عرف تارو کے نام سے ہوئی ہے جس پر الزام ہے کہ وہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

متعلقہ عنوان :