سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے حجاج کی تعداد 2ہزار سے تجاوز کرگئی،مزید اضافے کاخدشہ ،سعودی اعلیٰ حکام کے مطابق 16 ٹرک سانحہ میں شہید ہونے والے حجاج کرام کی لاشوں سے بھرے پڑے ہیں جن کو ابھی تک کھولا نہیں گیا ؛اعلیٰ عہدیدار وزارت مذہبی امور ، مذکورہ ٹرکوں میں بیشتر لاشیں مسخ شدہ ہیں جن کی شناخت میں سعودی حکام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے

بدھ 30 ستمبر 2015 08:55

منیٰ/سعودی عرب(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2015ء)سانحہ منیٰ کے افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے حجاج کرام کی تعداد 2ہزار سے تجاوز کرگئی،جس میں مزید اضافے کاخدشہ ہے۔سعودی اور پاکستانی حکام کے مطابق سانحہ منیٰ حج کے حادثات کے حوالے سے تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔پاکستان کے وزارت مذہبی امور کے ایک اعلیٰ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ سانحہ منیٰ حج کے دوران ہونے والے حادثات کی تاریخ کا سب سے بڑا واقعہ ہے ،سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 2ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،انہوں نے سعودی وزارت حج کے حوالے سے بتایا کہ سعودی اعلیٰ حکام کے مطابق 16 ٹرک سانحہ میں شہید ہونے والے حجاج کرام کی لاشوں سے بھرے پڑے ہیں جن کو ابھی تک کھولا نہیں گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹرکوں میں بیشتر لاشیں مسخ شدہ ہے جن کی شناخت کرنے میں سعودی حکام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزارت حج نے سعودی حکام سے کہاہے کہ پاکستانی شہدا کو بغیر شناخت کے دفن نہیں کیا جائے گا،سعودی عرب میں مقیم پاکستانی حکام سعودی حکام سے مسلسل رابطہ میں ہے اور لاپتہ پاکستانی حجاج کرام کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی شہدا کی تعداد 38ہوگئی ہے،جبکہ اب تک متعدد پاکستانی حجاج کرام لاپتہ ہیں ،تاہم پاکستانی شہدا کی تعداد اتنی نہیں ہے جتنی غیر ملکی میڈیا میں بتائی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :