بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے شپنگ کامران مائیکل اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور پنجاب طارق گل کے درمیان ٹھن گئی اور دونوں اقلیتی رہنماؤں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے

بدھ 30 ستمبر 2015 08:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2015ء)بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے شپنگ کامران مائیکل اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور پنجاب طارق گل کے درمیان ٹھن گئی اور دونوں اقلیتی رہنماؤں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ دونوں اقلیتی رہنماؤں کے درمیان اختلافات اس وقت سامنے آئے جب وفاقی وزیر کامران مائیکل کی جانب سے اقلیتی نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس بلا رکھا تھا لیکن اس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور پنجاب طارق گل شامل نہ ہوئے۔

(جاری ہے)

اختلافات کے حوالے سے وفاقی وزیر کامران مائیکل کا کہنا ہے کہ طارق گل کو سیاست میں لانا میری سب سے بڑی غلطی تھی۔ طارق گل مشکوک کاروبار میں ملوث ہیں۔ کامران مائیکل نے طارق گل کے رویہ کے خلاف اعلیٰ قیادت کو شکائیت ریکارڈ کروا دی ہے جبکہ دوسری طرف پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور پنجاب طارق گل نے وفاقی وزیر کامران مائیکل پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سلیکشن کا نظام نہ ہوتا تو کامران مائیکل ایک کونسلر نہیں بن سکتے تھے۔ کامران مائیکل اپنے رشتہ داروں کو نواز رہے ہیں جس کے باعث اقلیتی کمیونٹی کامران مائیکل سے ناراض ہے میں اپنی عوام کی نمائندگی کررہا ہوں۔