دسمبرمیں پاک، بھارت سیریز کا کوئی امکان نہیں، راجیو شکلا،دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات بحال کرنا چاہتے ہیں ، اس سے پہلے پی سی بی کو تحفظات دور کرنا ہوں گے، آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے بائیکاٹ پر پاکستان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا، نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ

بدھ 30 ستمبر 2015 08:36

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2015ء)بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کے مطابق دسمبرمیں پاک، بھارت سیریز کا کوئی امکان نہیں۔ دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات بحال کرنا چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے پی سی بی کو تحفظات دور کرنا ہوں گے۔ آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے بائیکاٹ پر پاکستان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔بی سی سی آئی کے نائب صدر اور آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا نے واضح انداز میں کہا کہ دسمبر میں پاک، بھارت سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وہ دونوں ممالک کے کرکٹ روابط کی بحالی کے حامی ہیں لیکن اس سے پہلے پاکستان کو کچھ تحفظات دور کرنا ہوں گے۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی جانب سے ایم او یو کی پاسداری اور آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے بائیکاٹ کے بارے میں راجیو شکلا نے کہا کہ کیا ایم او یو میں باہمی سیریز کے لیے طے شدہ صورتحال موجود ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں سیکیورٹی حالات کی وجہ سے بنگلہ دیش سمیت کوئی ملک دورہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔

نیوٹرل وینیو پر کھیلنا ہماری پالیسی کے خلاف ہے جس کے لیے حکومت کی منظوری لینا لازمی ہے۔ ان حالات میں دسمبر میں پاکستان سے سیریز ممکن نہیں ہے۔راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں بھارت کا بائیکاٹ کرنے پر پاکستان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ شہریار خان کیا آئی سی سی اور بی سی سی آئی کو دھمکی دے رہے ہیں۔ ایسا کرنے پر پی سی بی کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔