الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ،چوہدری شیر علی ، طاہر جمیل ‘ اور خواجہ محمد اسلام تین نومبر کو الیکشن کمیشن میں طلب

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 08:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور ان کے والد چوہدری شیر علی سابق ایم این اے ‘ ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل ‘ مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام کو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر تین نومبر کو طلب کرلیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ان کی یہ طلبی بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں ہونے والے انتخابی جلسہ کے سلسلہ میں کی گئی ہے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر گلبرگ پولیس فیصل آباد نے اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں کنونشن اور جلسہ وقت مقررہ سے بعد جلسہ جاری رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر کو سیل کردیا ہے الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر وزیر مملکت عابد شیر علی سمیت جلسہ میں تقریریں کرنے والے مسلم لیگی رہنماؤں کو بھی تین نومبر کو طلب کیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل اور سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر کو بھی الیکشن کمیشن میں طلب کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی ہے کہ انہوں نے رات بارہ بجے کے بعد اقبال پارک میں جلسہ کیوں ہونے دیا جبکہ چوہدری شیر علی سابق ایم این اے نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ انہوں نے الیکشن کے قواعد و ضوابط کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی نہ ہی وہ جلسہ تھا بلکہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا کنونشن بلایا گیا تھا جس میں ہزارون کی تعداد میں شہر بھر کے کارکنوں نے شرکت کی جبکہ وزیر مملکت ان کے بیٹے عابد شیر علی ‘ سابق میئر عامر شیر علی اور دیگر مقررین نے ساڑھے بجے تقریریں ختم کردی تھیں اور میں نے بھی وقت پر ہی تقریر ختم کی جو کہ یہ جلسہ نہیں کنونشن تھا اور اس کنونشن میں کسی قسم کی انتخابی مہم کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی بلکہ میں نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله جو قانون شکن ہے اس کے فیصل آباد میں سیاہ کارناموں کے ساتھ ساتھ بے گناہ افراد کو نوید عرف کمانڈو شوٹر اور سابق ایس ایچ او رانا فرخ وحید جو مفرور ہوکر ملک سے جاچکا ہے کے بارے میں ان بے گناہ افراد جن کو قتل کیا گیا آگاہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

میں نے اس کنونشن میں کسی امیدوار کیلئے ووٹ نہیں مانگے میں اپنی وضاحت الیکشن کمشنر کو پیش ہوکر کروں گا۔