ہمارا اختلاف مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ استحصال کرنے والوں سے ہے،ناراض رہنماء راجہ ناصرمحفوظ،تحریک نجات گروپ سے 27 یونین کونسلوں سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدواروں نے رابطہ کیا ہے، قربانیاں دینے والے مخلص اور نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب ،وفاقی وزیر داخلہ اور حمزہ شہباز شریف کو نوٹس لینا چاہیئے ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں،چیئرمین و وائس چیئرمین کے امیدواروں کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 08:37

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء)بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے مسلم لیگ (ن) کے ناراض ”تحریک نجات “گروپ کے رہنما راجہ ناصرمحفوظ نے کہا کہ ہمارا اختلاف مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ استحصال کرنے والوں سے ہے،تحریک نجات گروپ سے 27 یونین کونسلوں سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدواروں نے رابطہ کیا ہے اگر قربانیاں دینے والے مخلص اور نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا تو پھر دما دم مست قلندر ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور حمزہ شہباز شریف کو نوٹس لینا چاہیئے ہم مزاکرات کیلئے تیار ہیں، یہ بات انہوں نے چیئرمین و وائس چیئرمین کے امیدواروں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں یوسی 8 فوجی کالونی سے چیئرمین کے امیدوار قائم دین خان، یوسی 41 شاہ چن چراغ سے چیئرمین کے امیدوار تنویر اختر شیخ،وائس چیئرمین کے امیدوارراجہ افتخار،یوسی 9 بنگش کالونی سے چیئرمین کے امیدوار عبداللہ عاصم،وائس چیئرمین کے امیدوارسعید احمد نیازی،یوسی 31 محلہ حکمداد سے چیئرمین کے امیدوار نذیر کشمیری،وائس چیئرمین کے امیدوار ملک مسعود،یوسی 40 پرانا قلعہ سے چیئرمین کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹو،وائس چیئرمین کے امیدوارعبدلناصر خان،یوسی 19 سٹلائٹ ٹاؤن سے چیئرمین کے امیدوار سہیل کھوکھر،وائس چیئرمین کے امیدوار راجہ ذوالقرنین کیانی،یوسی 20 اصغر مال سے چیئرمین کے امیدوار چوہدری امجد،وائس چیئرمین کے امیدوار راجہ عمران اصغر،یوسی 17 ڈھوک بابو عرفان سے چیئرمین کے امیدوار اکرام گوشی،وائس چیئرمین کے امیدوار رمضان عباسی،یوسی 22 ڈھوک کالا خان قیوم آباد سے چیئرمین کے امیدوار راجہ محمد یونس،وائس چیئرمین کے امیدوار ملک نعمان مطلوب، یوسی 21سے وائس چیئرمین کے امیدوار غلام شبیر اعوان،یوسی 8 فوجی کالونی سے وائس چیئرمین کے امیدوار شوکت محمود اور یوسی 24 ٹرانسفارمر چوک صادق آباد سے وائس چیئرمین کے امیدوار مظہر ستی ،کونسلرزکے امیدواروں حافظ مظہراللہ اعوان،محمد ضیاء ،مسلم لیگی کارکنوں راجہ نذیر،حاجی محمد خان،تاج بیگ،امیرالدین اور اویس بٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جمہوریت کی بحالی،بیگم کلثوم نواز تحریک میں حصہ لینے والے باالخصوص جیلیں کاٹنے،نظر بندیاں برداشت کرنے اور قربانیاں دینے والے مخلص اور نظریاتی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ناصر اور تنویر اختر شیخ نے کہا کہ مشرف آمریت کے مشکل دور میں جمہوریت بحالی تحریک میں نوابزادہ نصراللہ خان اور بیگم کلثوم نواز کے جلسے کرانے والے آج بے یارو مددگار ہیں جبکہ (ق) لیگ اور لوٹوں کی شنوائی ہورہی ہے،تحریک نجات گروپ ایک انتخابی نشان حاصل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرے گا،الیکشن کے روز غیر جانبدار مبصرین ،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو دورے کی دعوت دی جائیگی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ناظم قائم دین خان نے کہا کہ ہم مسلم لیگی تھے اور مسلم لیگی رہیں اور انشاء اللہ تحریک نجات گروپ الیکشن جیت کر جیتی ہوئی سیٹیں مسلم لیگ (ن) کی یادت کو تحفے میں پیش کرے گا،اجلاس میں متفقہ طور پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردارمحمد رضا سے مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کی طرف سے انتخابی نشانوں کی الاٹمنٹ سے قبل بعض امیدواروں کی جانب سے بینرز ،پوسٹرز اور پینا فلیکس سکرینوں پر انتخابی نشان آویزاں کرانے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے۔