کراچی ،اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کا پاکستان میں موٹر سائیکل پلانٹ کی پیداواری گنجائش بڑھانے کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 08:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء) ہنڈا موٹر کمپنی اور اٹلس گروپ کی مشترکہ کمپنی اٹلس ہنڈا لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنے موٹر سائیکل پلانٹ کی پیداواری گنجائش کو بڑھانے کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کی 30 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لاہور کے نزدیک شیخوپورہ فیکٹری کی موجودہ پیداواری گنجائش کو آئندہ تین برسوں میں دو گنا کرنے کی منظوری دی جس سے موٹر سائیکلوں کی پیداوار موجودہ 6 لاکھ سالانہ سے بڑھ کر 12 لاکھ سالانہ سے زائد ہو جائے گی۔

اس ضمن میں 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری اٹلس ہنڈا کرے گی جبکہ 3 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری اٹلس ہنڈا سے منسلک کمپنیاں کریں گی جبکہ 2 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کمپنی کو پرزہ جات فراہم کرنے والے سپلائرز اپنی پیداواری صلاحیت کے ضمن میں کریں گے۔

(جاری ہے)

پیداواری گنجائش میں اضافے کے بعدپہلی موٹر سائیکل اکتوبر 2016ء میں تیار ہو جائے گی۔ اس اضافے سے بلاواسطہ 1800 ملازمتیں پیدا ہوں گی جبکہ مزید 5000 ملازمت کے مواقع منسلکہ کمپنیوں اور پرزہ جات بنانے والے پارٹنرز کے پاس پیدا ہوں گے۔

اٹلس ہنڈا 1963 ء میں قائم ہوئی تھی جس کے اس وقت دو پیداواری پلانٹس ہیں جن میں ایک کراچی اور دوسرا لاہور کے نذدیک ہے۔ موٹر سائیکلوں کی فروخت کے حوالے سے کمپنی پاکستان کی سب سے بڑی مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ کمپنی ہے۔ اس توسیع کے بعد کمپنی کی مشترکہ پیداواری اسمبلی گنجائش 13 لاکھ یونٹس سالانہ سے بڑھ جائے گی۔ نئی سرمایہ کاری کے اعلان کے موقع پر اٹلس ہنڈا کے سی ای او ثاقب ایچ شیرازی نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی کو موٹر سائیکل کی طلب میں اضافے کی توقع ہے۔

آبادی میں نوجوانوں کی زیادہ تعداد اور صارفین کے بدلتے ہوئے رجحانات کو دیکھتے ہوئے کمپنی کو زیادہ پیداواری مواقع کی امید ہے اور کمپنی اپنے ماڈل لائن- اپ کو مزید توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمپنی کا مقصد معیار، ٹیکنالوجی اور لوکلائزیشن پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مزید اعلیٰ ترین موٹر سائیکل بنانا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اٹلس ہنڈا کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرزرضی الرحمن نے کہا کہ کمپنی کو اس بات کا ادراک ہے کہ کمپنی کی طویل المدت کامیابی کا دارومدار صارفین، شیئر ہولڈرز اور معاشرے کیلئے مفید کام کرنے میں مضمر ہے۔

اس لیے توسیعی منصوبے کا ایک جُز یہ بھی ہے کہ اٹلس ہنڈا کی ایک ٹیم وینڈرز اور ڈیلرز کی نہ صرف تکنیکی صلاحیتوں بلکہ ان کے انتظامی تصورات کی استعداد کو بھی بڑھانے کیلئے کام کرے گی۔ اسی طرح ٹیم ان کے کارخانوں میں ماحولیاتی مسائل جیسے کاربن کے اخراج میں کمی کو بھی حل کرنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام سکھانے کے عمل کو ادارے کی سطح پر کرنے کیلئے اٹلس فاؤنڈیشن شیخوپورہ پلانٹس کے قریب ٹیکنیکل اسکل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی فلاسفی بھی اس کے وژن علم و ہنر کو معاشرے کے ساتھ شریک کرنے سے ہم آہنگ ہے۔

متعلقہ عنوان :