خیبر پختونخوا کے احتساب کمشنر نے خود کہا کہ پرویز خٹک کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کرنا چاہیے،تحریک انصاف کو دوسروں پر تنقید کرنے اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کی عادت ہے،وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 3 اپریل 2017 23:45

اسلام آباد ۔ 03 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے الزامات کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو دوسروں پر تنقید کرنے اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کی عادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے احتساب کمشنر نے خود کہا ہے کہ پرویز خٹک کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے احتساب کمشنر نے کہا کہ کے پی کے میں کرپشن کی سطح بہت اونچی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دھرنے کے دوران پی ٹی آئی کی قیادت پارلیمنٹ اور پی ٹی وی کے دفتر پر حملے میں ملوث تھی۔

(جاری ہے)

مصدق ملک نے کہا کہ تمام اداروں میں تبدیلیاں آئین و قانون کے مطابق کی جائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ آئی جی کی تعیناتی سیاسی مسئلہ نہیں تھا بلکہ وہاں صوبے کے امن و امان سے متعلق تھی۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار سنا کہ اے ڈی خواجہ اور ان کی ٹیم کرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ کی بحالی کے احکامات سندھ ہائی کورٹ نے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے آئی جی کے لئے تین نام وفاقی حکومت کو ارسال کئے جن میں سے ایک دو ماہ بعد ریٹائر ہونے والا تھا۔