تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش پارٹی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگی‘تجزیہ نگار

الیکشن کمیشن میں غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے کیس میں تحریک انصاف نے جو مؤقف اختیار کیا ہے اس نے بہت سے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے، پی ٹی آئی نے پارٹی کی غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے حسابات دینے کی بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کوہی چیلنج کیا ہے یہ سنگین معاملہ تحریک انصاف کے گلے پڑ جائے گا، الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر چیلنج کرنے کا مقصد پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنا ہے‘ عمران خان اس سے قبل اعلی عدلیہ کے دائرہ کار کو بھی چیلنج کر چکے ہیں

پیر 3 اپریل 2017 23:45

اسلام آباد ۔ 03 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش پارٹی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگی‘ الیکشن کمیشن میں غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے کیس میں تحریک انصاف نے جو مؤقف اختیار کیا ہے اس نے بہت سے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پارٹی کی غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے حسابات دینے کی بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج کیا ہے جو ایک سنگین معاملہ اور ایک آئینی ادارے کو چیلنج کرنا ہے‘ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ یہ معاملہ تحریک انصاف کے گلے میں پڑ جائے گا کیونکہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن جیسے آزاد ادارے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر چیلنج کرنے کا مقصد پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنا ہے‘ عمران خان اس سے قبل اعلی عدلیہ کے دائرہ کار کو بھی چیلنج کر چُکے ہیں‘ عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے رہنما ماضی میں کتنی مرتبہ پینترہ بدل چُکے ہیں جس نے ان کی سیاسی ساکھ کو بُری طرح مجروح کیا ہے۔

سیاسی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے غیرملکی فنڈنگ کے حسابات دینے کے بجائے اب الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج کر رہے ہیں‘ حقیقت میں یہ کیس مسلم لیگ (ن) کے بجائے عمران خان کی جماعت سے وابستہ ایک رہنما نے الیکشن کمیشن کے سامنے درج کرایا تھا اور اب پارٹی قیادت اس کا جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ بات باعث حیرت ہے کہ ایک ایسی سیاسی جماعت جو خود ملک کی اعلی قیادت اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے اپنے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کا جواب دینے کی بجائے اُلٹا الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج کر رہی ہے۔