امریکا کا شام میں پہلا اعلانیہ کیمیائی حملہ،چارفوجی ہلاک،ائیربیس مکمل تباہ

امریکا نے شامی ائر بیس پر70 ٹام ہاک کروز میزائل داغے،حملہ کیمیائی تھا اورملکی مفاد میں کیا،ٹرمپ کی تصدیق

جمعہ 7 اپریل 2017 17:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء)امریکا نے شام میں باغیوں کے زیر اثر علاقوں میں کیمیائی حملے کے جواب میں شام کے خلاف میزائل سے کئی حملے کیے جس کے نتیجے میں چار فوجی ہلاک جبکہ شامی ائیر بیس مکمل طورپر تباہ وگئی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے مرکز پینٹاگون نے ایک بیان میں کہاکہ مشرقی بحیرہ روم میں بحری بیڑے سے تقریبا 70 ٹام ہاک کروز میزائل سے شام کے ایک ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا .پینٹا گون نے کہاکہ حملوں میں شامی اورروسی اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنایاگیا،حملوں کے بعد صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے ہی شام کی فضائی بیس پر حملے کا حکم دیا تھا جہاں سے منگل کو شامی فضائیہ نے حملے کیے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس موقع پر تمام مہذب ممالک سے شام میں تنازع کو ختم کرنے میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی ۔انہوں نے کہاکہ حملے کا حکم اپنے ملکی مفاد کے تحت دیا،جنگجوامریکا کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ،ادھروائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان کا جاری بیان میں کہناتھا کہ جس ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا اس کا براہ راست تعلق خوفناک کیمیائی ہتھیاروں کے حملے سے ہی تھا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ ہم نے بڑے اعتماد سے اس بات کا جائزہ لیا کہ اس ہفتے کے اوائل میں کیمیائی حملہ اسد حکومت کی کمانڈ میں اسی مقام سے فضائیہ کی مدد سے کیا گیا تھا۔ترجمان کا مزید کہنا تھاکہ ہم نے اسی اعتماد کے ساتھ اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ اسد کی حکومت نے ہی اعصاب شکن کیمیائی مادے، جس میں سرین شامل تھی، حملے کے لیے استعمال کیا،دوسری جانب اتحاد کے ترجمان احمد رمضان نے غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت میں کہاکہ ہم مزید حملوں کی امید کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ محض ایک آغاز ہے،دریں اثناء شام کے ایک سرکاری ٹی وی پر اس بارے میں ایک بیان جاری کیا گیا کہ امریکی جارحیت نے شام کے ایک فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا تاہم اس کے علاوہ کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی،واضح رہے کہ شام کے ادلب کے علاقے خان شیخون میں مشتبہ زہریلی گیس کے حملے میں اب تک 27 بچوں سمیت کم سے کم 72 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے شام پر فضائی حملے کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کی شامی حکومت نے تردید کی ہے۔اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا تھا کہ شام کے مستقبل میں بشار الاسد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام میں منگل کو مشتبہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کے لیے سنجیدہ جواب کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :