حکومت پنجاب کی موثر پالیسوں کیوجہ سے سرکاری سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے ،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں

جمعہ 7 اپریل 2017 23:21

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی موثر پالیسوں کیوجہ سے سرکاری سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام امتحانات میں کامیابی کا تناسب 66فیصد سے بڑھ کر 84فیصد تک پہنچ گیا ہے، جنوبی پنجاب کے 16اضلاع میں سکولوں میں طالبات کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا اس منصوبہ پر 6ارب روپے خرچ ہوں گے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر وقار حسین، چیف ایگزیکٹوآفیسر ایجوکیشن طاہر کاشف بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجا ب شہباز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری سکولوں کی کارکردگی میں بہتری کے لئے اقدامات کے موثر نتائج سامنے آ رہے ہیں سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری 92فیصد، طلبہ و طالبات کی حاضری کی شرح 90فیصد سے زائد ہے اسی طرح صوبے کے 96فیصد سکولوں میں ٹائلٹ بلاکس، بجلی ، پانی اور چار دیواری جیسی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیںجبکہ ان سہولیات میں مزید بہتر ی کیلئے گرلز سکولز میں ہر چالیس طالبات اور بوائز سکولوں میں ہر پچاس طلبہ کیلئے ایک ٹائلٹ بلاک کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سکول جانے کی عمر کے 100فیصد بچوں کے داخلے کیلئے بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے ،یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پانچ سے نو سال تک عمر کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے ۔ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اس مقصد کیلئے حکومت پنجاب نے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے پہلے سے ہی ہدایات جاری کر دی ہیں اور اضلاع میں انتظامیہ، پولیس اور ایجوکیشن افسران ان پر عمل درآمد کی نگرانی کرتے ہیںاور اگر کسی تعلیمی ادارے نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی۔