انسانی جان کی قیمت گائے سے زیادہ نہیں،بی جے پی رکن اسمبلی

بابری مسجد کی جگہ رام مندرکی تعمیر کے اپنے عہد پر قائم ہوں،اس کے لیے جان بھی دے دوں گا،انتہا پسند ٹی راجاسنگھ

بدھ 12 اپریل 2017 12:14

حیدرآباد دکن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)بھارت کی وسطی ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ گائے اور رام مندر کے لیے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے حق میں ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ انسانی جان کی قیمت گائے سے زیادہ نہیں ہے۔بھارتی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ بابری مسجد کی جگہ ایودھیا میں رام مندر بنانے کے لیے وہ اپنے عہد کے پابند ہیں اور اس کے لیے وہ جان دینے اور جان لینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رکن اسمبلی سے پہلے میں ایک ہندو ہوں۔ اور میں اپنا فرض ادا کر رہا ہوں۔ بہرحال اس کے ساتھ وہ یہ ضرور کہتے ہیں کہ یہ ان کی پارٹی کا نہیں، بلکہ ان کا ذاتی موقف ہے۔رام مندر کے متعلق متنازع بیان پر راجا سنگھ نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رام مندر بنانا ہر ہندو کا عزم ہے اور میرا بھی عہد ہے۔

(جاری ہے)

ہندو ہو یا مسلمان سکھ ہو یا عیسائی اگر کوئی بھی رام مندر کی تعمیر کی راہ میں آتا ہے تو ہم ہم جان دے بھی سکتے ہیں اور ہم ان کی جان لے بھی سکتے ہیں۔ٹی راجا سنگھ نے دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی بات نہیں مانتا ہے تو ہم ہر طرح سے تیار ہیں۔ بس ہمارا مقصد ایودھیا میں رام مندر بنانا ہے۔ ہم ہر طرح سے تیار ہیں۔ آپ سمجھ لیجیے۔ ہم ان کو نہیں چھوڑیں گے۔