محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے سال2017کی ریڈ بک جاری کردی

73انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں سی18کا تعلق لاہور سے ہے ریڈ بک کے مطابق لاہور دہشت گردوں کی فہرست کے اعتبار سے پہلے، سرگودھا اور فیصل آباد دوسرے، راولپنڈی تیسرے ‘ ملتان، اٹک، رحیم یار خان ، شیخو پورہ اور بھکر چوتھے نمبرپر ہیں

بدھ 12 اپریل 2017 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء) محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے سال2017کی ریڈ بک جاری کردی ‘ 73انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں سی18کا تعلق لاہور سے ہے ریڈ بک کے مطابق لاہور دہشت گردوں کی فہرست کے اعتبار سے پہلے، سرگودھا اور فیصل آباد دوسرے، راولپنڈی تیسرے جبکہ ملتان، اٹک، رحیم یار خان ، شیخو پورہ اور بھکر چوتھے نمبرپر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے سال 2017کے لئے ریڈ بک جاری کردی جس کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد کے اعتبار سے لاہور سر فہرست رہا ہے، جہاں سے محکمہ انسداد دہشت گردی کو18دہشت گرد انتہائی مطلوب ہیں،اسی طرح سرگودھا ، فیصل آباد سے 8،8، راولپنڈی سے 6جبکہ ملتان، اٹک، رحیم یار خان ، شیخوپورہ، بھکر سے 5،5دہشت گردی انتہائی مطلوب ہیںریڈ بک کے مطابق مطیع الرحمن عرف صمدسیال انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہے ۔

(جاری ہے)

مطیع الرحمان کے سرکی قیمت 1کروڑ مقرر ہے ۔ مطیع الرحمن سال 2013سے سیکورٹی اداروں کو مطلوب ہے مگر پولیس اب تک اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔جبکہ مطیع الرحمان کاساتھی قاری احسان الحق بھی انتہائی مطلوب افرادکی فہرست میں دوسرے نمبر پرہے۔ قاری احسان کے سرکی قیمت 50لاکھ مقرر ہے۔ اسی طرح رانا محمد افضل مطلوب افراد کی فہرست میں تیسرے نمبر پرہے اور اس کے سر کی قیمت 50لاکھ روپے ہے۔ریڈ بک میں آئی ایس آئی کے ملتان دفتر پرحملے میں ملوث زبیر عرف مغیرہ فہرست میں چوتھے نمبر پرہے ۔ زبیر عرف مغیرہ کے سر کی قیمت 25لاکھ مقرر کی گئی ہے ریڈ بک کی فہرست میں شامل20دہشت گرد سی ٹی ڈی کو خود کش حملوں میں انتہائی مطلوب ہیں جبکہ ان دہشت گردوں کاتعلق پنجاب کے 36میں سے 25اضلاع سے ہے۔