فلپائنی صدر کی شاہ سلمان سے ملاقات،باہمی تعاون کی متعدد یاداشتوں کی منظوری

دو طرفہ تجارتی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال، سیاسی مشاورت کی ایک یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے

بدھ 12 اپریل 2017 12:14

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)فلپائن کے صدر روڈو ریگو دو تیرتے نے ریاض میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔عرب ٹی وی کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنے، تجارتی روابط بڑھانے کے ساتھ سلگتے عالمی مسائل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خادم الحرمین الشریفین اور فلپائنی صدر کی موجودگی میں باہمی تعاون کی متعدد یادداشتوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر سعودی عرب۔ فلپائن تعاون پروگرام کا بھی اعلان کیا گیا۔اس موقع پر سعودی وزارت لیبر اور سماجی بہبود کا فلپائنی حکام کے ساتھ فلپائنی شہریوں کی ملازمت کا بھی ایک معاہدہ طے پایا۔

(جاری ہے)

اس معاہدے پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر برائے لیبر و سماجی ترقی ڈاکٹر علی بن ناصر الغفیس اور فلپائن کے قائم مقام وزیرخارجہ انریکی مانالو نے دستخط کیے۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان سیاسی مشاورت کی ایک یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ علاوہ ازیں شہزادہ سعودی الفیصل ڈپولومیٹک اسٹڈی سینٹر اور فلپائن کے خارجہ سروسز انسٹیٹیوٹ کے درمیان بھی دو طرفہ تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا۔ اس پر سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر نزار بن عبید مدنی اور فلپائن کے قائم مقام وزیرخارجہ انریکی مانالو نے دستخط کیے۔